پی آئی اے ، ریلوے کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان ایئر لائنزاورریلویز کے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

ایک ویڈیو بیان میں وفاقی وزیرریلوے وہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعظم پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان ریلویز اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یہ فائدہ اپنے مسافروں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان ریلویز کی میل/ایکسپریس کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ اسی طرح پی آئی اے کی اندرونِ ملک تمام پروازوں کی دونوں کلاسوں پر کرایوں میں 10 فیصد رعایت دی جارہی ہے، اس رعایت کا اطلاق اگلے 30 روز کے لیے ہوگا۔

انکا کہنا تھا یقین ہے کہ صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز سے رابطہ کر کے ان کے کرایوں میں بھی کمی کے اقدامات کریں گی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل14 جولائی کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں18 روپے50 پیسے جبکہ ڈیزل 40 روپے 54 پیسے سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ سے قرض معاہدے کی بحالی کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں اتحادی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 مرتبہ اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول 248 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

Back to top button