پی ٹی آئی احتجاج : راولپنڈی میں دوسرے روز بھی عدالتیں، اسکول، میٹرو سروس بند، سڑکیں سنسان

پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج کےباعث دارالحکومت اسلام آباد کا جڑواں شہر آج بھی سیل ہے جب کہ عدالتیں،اسکول میٹرو بس سروس سمیت تمام ادارےبند اور سڑکیں سنسان ہیں۔
شہر بھر کےتمام راستے،سڑکیں،چوراہے آج دوسرے روز بھی مکمل سیل ہیں جب کہ انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ آنےوالے لنک روڈز اور گلیوں کو بھی سیل کیاگیا ہے۔ اسی طرح سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارےآج ہفتے کےروز بھی مکمل بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سےانتہائی کم ہونےکی وجہ سےسرکاری اداروں میں بھی حاضری کم ہے۔
اڈیالہ جیل سے ملزمان کو آج بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیاگیا،جس کی وجہ سے کچہری کا علاقہ سنسان ہے۔تمام عدالتوں نےمقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کےحاضری لگاکر ملتوی کردی ہے۔
شہر کے اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کی وجہ سے آن لائن رائیڈ سروس فراہم کرنےوالے من مانے کرایے وصول کر رہے ہیں۔شہر میں میٹرو سروس بھی آج بندہے۔
دریں اثنا راستوں کی بندش کےباعث محکمہ تعلیم نے سلام ٹیچرز ڈے سےمتعلق تمام تقریبات منسوخ کردی ہیں۔ ان پروگرامز میں اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ بھی دیےجانے تھے۔
دوسری جانب پولیس کےمطابق ڈی چوک احتجاج کےلیے آنے والوں کا فیض آباد پر پولیس کےساتھ تصادم ہوا، جس کامقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کرلیاگیا ہے۔ پولیس نے 17 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے جب کہ 250 ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیاگیا ہے۔مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کےتحت درج کیاگیا ہے، جس کےمطابق مظاہرین کےتشدد و پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جب کہ مظاہرین نے پولیس پیٹرولنگ گاڑی بھی توڑدی۔
اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی باوجود پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ