پی سی بی :سالانہ بجٹ کی منظوری،کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے23-2022 مالی سال کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی جبکہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافے اورمعاوضوں میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرزکا 69 واں اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرلاہور میں ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ منظورشدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا جس میں مینز اور ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، بین الاقوامی اورڈومیسٹک ایونٹس سمیت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ8 اورپاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے انعقاد بھی شامل ہیں۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے ملازمین کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکولنگ الاؤنس بھی متعارف کروانے کی منظوری دے دی۔ ایشیاکپ 2023 اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کے پیش نظر بی او جی نےانفراسٹرکچر اوراسٹیڈیمز کے لیے فنڈز کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ س میں فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے لیے نئی کرسیاں اور ری پلے سکرینز شامل ہیں، تینوں طرز کی کرکٹ کی میچ فیس میں 10، 10 فیصد اضافہ کپتان کے لیے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کروادیا گیا۔
اس کے علاوہ پی سی بی نے ویمن سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ویمن کرکٹر کے ماہانہ وظیفے میں 15 فیصد اضافہ کردیا ہے اور کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 25 کردی۔