پاکستان میں پٹرول اب بھی مہنگا نہیں بلکہ سستا کیوں ہے؟


پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو پٹرول بم سے تعبیر کیا جا رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے اکثر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں پاکستان سے بھی زیادہ ہیں اور کئی ممالک میں تو دوگنی ہیں۔ مسئلہ صرف اتنا ہے کہ ہماری حکومتوں نے عوام کو سبسڈی پر لگا رکھا تھا اور اب جب آئی ایم ایف کے دباؤ پر اس سبسڈی کو ختم کیا جا رہا ہے تو یہ اضافہ پٹرول بم محسوس ہو رہا ہے۔

آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کن ممالک میں پیٹرول پاکستان سے سستا یا مہنگا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ مہنگا پیٹرول چین کے زیر انتظام برطانوی کالونی ہانگ کانگ میں ملتا ہے جہاں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 634 روپے ہے، فن لینڈ میں پیٹرول 562.63 روپے، آئس لینڈ میں 557.45 روپے، ناروے میں 544.48 روپے، یونان میں 539.30 روپے، ڈنمارک میں 534.11 روپے، نیدرلینڈ میں 526.33 روپے، وسطی افریقین ریپبلک میں 508.18 روپے، موناکو میں 503.00 روپے فی لیٹر، اورسنگاپورمیں پیٹرول 495.22 روپے فی لیٹر ملتا ہے۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ سخت مہنگائی کے باوجود امریکی پابندیوں کے شکار ملک وینزویلا میں پیٹرول سب سے زیادہ سستا فروخت کیا جا رہا ہے جہاں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 4.67 روپے ہے، وینزویلا جیسے دنیا کے کئی اور ممالک بھی ہیں جو خود تیل نکالتے ہیں لہذا وہاں پٹرول کی قیمتیں بہت کم ہیں۔ خانہ جنگی کے شکار ملک لیبیا میں 6.48 روپے فی لیٹر اور 40 برس سے عالمی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ملک ایران میں 11.41 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے، اندرونی خانہ جنگی اور اسرائیلی و امریکی حملوں سے نبرد آزما ملک شام میں پیٹرول 60.41 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح الجیریا میں پٹرول 66.63 روپے فی لیٹر، کویت میں 72.34 روپے، انگولا میں 78.30 روپے، نائجیریا میں 87.12 روپے، ترکمانستان میں 91.01 روپے اور ملائیشیا میں 98.53 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی اوسط قیمت 308.54 روپے فی لیٹر ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ اگلے 6 ماہ میں پاکستان میں بھی پٹرول کی یہی قیمت ہو جائے گی۔

Back to top button