52 سالہ جمائمہ نے 62 سالہ کیمرون سے دوسری شادی کیوں کی؟

 

 

 

اڈیالہ جیل میں قید کی سزا بھگتنے والے عمران خان کی سابق اہلیہ 52 سالہ جمائما خان کی 62 سالہ آسٹریلوی فلم پروڈیوسر کیمرون رائلی سے دوسری شادی کے بعد سے کپتان کے چاہنے والے یہ سوال کر رہے ہیں کہ جمائما نے ایسا کیوں کیا ہے اور ان کے نئے شوہر کون ہیں۔ یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ جمائما نے چار بچوں کے والد کیمرون کو اس عمر میں جیون ساتھی کیوں بنا لیا حالانکہ ان کے خان  سے اپنے بھی دو بیٹے ہیں۔

 

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمائما اور کیمرون رائلی نے 12 ستمبر کو ایک نجی تقریب میں شادی کی، تاہم اس شادی کی باضابطہ جھلک اس وقت سامنے آئی جب جمائما نے 16 ستمبر کی رات اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی متعدد تصاویر شیئر کیں۔ ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دن کو ان دونوں کے لیے خاص اور خوشگوار بنانے میں کردار ادا کیا۔ جمائما نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں دونوں خاندانوں کے بچوں اور دیگر اہلخانہ نے بھی مختلف ذمہ داریاں سنبھالیں۔

 

کیمرون رائلی کی بیٹیاں ساشا اور تارا اور جمائما کی سوتیلی بیٹی ٹیریئن وائٹ شادی کی تقریب میں نمایاں تھیں۔ جمائما کے دونوں بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان اپنی والدہ کو انکی شادی کی تقریب میں لے کر آئے، جبکہ کیمرون کے بیٹے ایلیٹ اور آسکر اپنے والد کے ساتھ آئے۔

جمائما نے جس شخص کو اپنا شریک حیات منتخب کیا ہے وہ صرف ایک امیر ترین سرمایہ کار ہی نہیں بلکہ فلم اور ڈاکیومنٹری کے شعبے سے بھی وابستہ ہے۔ کیمرون ایک آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں جو آکسفورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز نیویارک میں گولڈمین سیکس سے کیا۔ بعد ازاں وہ آسٹریلیا کی بڑی میڈیا کمپنی اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹیو بھی رہے اور پھر نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں چلے گئے۔

 

کیمرون نے بائرڈ کیپیٹل نامی آئی ٹی ادارہ قائم کیا، جو ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور سمارٹ میٹرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے وابستہ رہا۔ کیمرون بعد ازاں فلموں اور ڈاکیومنٹریز کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔ کیمرون آئرلینڈ کے معروف کاروباری اور میڈیا ٹائیکون سر انتھونی رائلی کے بڑے بیٹے ہیں۔ ان کے والد ہینز آئرلینڈ کے بڑے میڈیا گروپ انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا سے بھی وابستہ رہے۔ کیمرون نے اپنے والد کے کاروباری اداروں میں بھی کام کیا، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی شناخت نجی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بنائی۔

 

جمائما اور کیمرون کی قربت کی کہانی کچھ یوں ہے کہ ان کی پہلی ملاقات فلموں اور ڈاکیومنٹریز کے مشترکہ کام کے دوران ہوئی۔ کیمرون متعدد فلمی اور دستاویزی منصوبوں میں ایگزیکٹیو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے جبکہ جمائما خود بھی فلم پروڈیوسر اور سکرین رائٹر ہیں۔ دونوں پہلے دوست بنے اور پھر ان کی دوستی محبت میں تبدیل ہوئی، جبکہ شادی سے پہلے تقریباً ایک سال تک دونوں نے اپنے تعلق کو انتہائی نجی رکھا۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ جمائما نے چار بچوں کے والد سے شادی کیوں کی، جبکہ ان کے اپنے دو بیٹے بھی ہیں۔

 

جمائما نے عمران خان سے طلاق کے بعد شادی نہیں کی تھی لیکن انہوں نے اتنے عرصے بعد کیمرون سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی کوئی مخصوص وجہ بھی بیان نہیں کی، دونوں کی پیشہ ورانہ وابستگی، فلم اور ٹیلی ویژن میں مشترکہ دلچسپی، پہلے سے موجود دوستی اور تقریباً ایک سال پر محیط تعلق کو ان کی قربت کا پس منظر قرار دیا گیا ہے۔ کیمرون کی سابق شادی سے چار بچے ہیں جبکہ جمائما کے عمران سے سلیمان اور قاسم نامی دو بیٹے ہیں، عمران کی تیسری بیٹی ٹیری بھی جمائمہ کے ساتھ ہی رہتی ہے اس لیے شادی کے بعد دونوں خاندانوں کے مجموعی طور پر سات بچے اس نئے خاندانی رشتے کا حصہ بن گئے ہیں۔

 

جمائما کی نئی ازدواجی زندگی ایک ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب ان کا سابق شوہر عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہے۔ جمائما اور عمران نے 1995 میں شادی کی تھی، اس وقت جمائما 21 جبکہ عمران 42 برس کے تھے۔ تقریباً نو سال بعد 2004 میں دونوں میں طلاق ہوگئی۔ طلاق کے بعد جمائما اپنے بچوں کے ہمراہ لندن واپس آگئیں، جہاں انہوں نے فلم سازی، سکرین رائٹنگ اور ڈاکیومنٹری پروڈکشن میں اپنا کیریئر آگے بڑھایا۔

جمائما سے طلاق کے بعد عمران نے مزید دو شادیاں کیں۔ ان کی دوسری شادی برطانوی صحافی ریحام خان سے ہوئی جو زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور طلاق پر ختم ہوگئی، جبکہ بعد ازاں عمران خان نے بشریٰ بی بی سے شادی کی۔ بشریٰ بی بی، جنہیں ان کے سابقہ روحانی حوالے سے ’پنکی پیرنی‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا رہا ہے، اس وقت عمران خان ہی کی طرح اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

27ستمبراحتجاج،کیاPTI ایک بار پھریوٹرن لینے والی ہے؟

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دسمبر 2025 میں توشہ خانہ ٹو کیس میں 17،17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ جمائما کی دوسری شادی کے اعلان سے چند روز قبل بھی ان کا سابق شوہر ان کی توجہ کا مرکز تھا۔ 6 ستمبر کو سامنے آنے والی ایک تفصیلی برطانوی رپورٹ میں جمائما اور ان کے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم نے عمران خان کی جیل میں حالت اور ان کی رہائی کے لیے برطانوی حکومت کے کردار پر بات کی تھی۔ جمائما اور ان کے بیٹے گزشتہ عرصے سے عمران خان کی رہائی اور ان سے متعلق خدشات کو برطانوی سطح پر اجاگر کرتے رہے ہیں۔

 

Back to top button