نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے،وزیرخزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کاکہنا ہے کہ پاکستان امریکا سے مزیدکپاس اور سویابین خریدنے کا خواہش مند ہے،کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کاکہنا تھا کہ امریکا سے ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بات چیت جاری ہے، امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو جائزہ لینے کو تیار ہیں۔امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، جلد ایک سرکاری وفد امریکا جائےگا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے،غیرٹیرف رکاوٹوں کوختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں، امریکی مصنوعات پرپاکستان میں کوئی غیرضروری جانچ پڑتال یارکاوٹیں ہیں توجائزہ لینے کو تیار ہیں۔
وزیرخزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، پاکستان معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنےکا خواہشمند ہے، ترقی کے سفر میں سرمائےکے حصول کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں سے رجوع کریں گے۔پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر سے نکالنا ہمارا نصب العین ہے۔