چھوٹے گھروں میں کتنے پیسوں میں سولر سسٹم لگ سکتا ہے؟

پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ہر خاص و عام بجلی کے زائد بلوں سے پریشان ہے، کاروباری شخصیات یا گھریلو صارفین، ہر بندہ یہ سوچ رہا ہے کہ وہ اپنے گھر، دفتر یا دکان پر سولر پینل سسٹم لگوا لیں تاکہ مہنگے بلوں سے جان چھوٹ سکے۔ تاہم بیشتر افراد اس لیے سولر سسٹم لگوانے سے گھبراتے ہیں کہ انھیں سولر پینل سسٹم کے لیے کم از کم 8 سے 10 لاکھ درکار ہوں گے۔ایسے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ سولر پینلز کی قیمت گزشتہ سال کی نسبت اب آدھی ہو گئی ہیں اور اب سولر پینل سسٹم کی تنصیب گزشتہ سال کی نسبت 35 سے 40 فیصد کی بچت کے ساتھ ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

وی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت سولر پینلز کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے، اس وقت سولر پینل کی فی واٹ قیمت 50 سے 60 روپے ہے جو کہ گزشتہ سال 120 روپے تھی۔’سولر پینل سسٹم کی کل لاگت کا 70 فیصد حصہ پینلز کی قیمت پر منحصر ہوتا ہے، اگر پینلز کی قیمت 50 روپے سے زائد کم ہوئی ہے تو مکمل سولر سسٹم نصب کروانے والوں کا گزشتہ سال کی نسبت 35 سے 40 فیصد کم خرچ آئے گا۔‘

 چیئرمین قابل تجدید توانائی ایسوسی ایشن پاکستان نثار لطیف کے مطابق سولر پینلز کی قیمت میں اتنی بڑی کمی کی وجہ زیادہ رسد کے ساتھ طلب میں کمی کو قرار دیا جاسکتاہے، جب پاکستان میں حکومت نے ایل سی بند کر رکھی تھی تو سولر پینلز کے محض چند درآمد کنندگان نے اس عرصے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث کافی زیادہ تعداد میں پینلز درآمد کر لیے تھے۔’تاہم اب ایل سیز کھل گئی ہیں اور دیگر لوگ بھی سولر پینل درآمد کررہے ہیں لیکن پاکستان میں پہلے سے کافی تعداد میں سولر پینل درآمد کیے جا چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سولر پینلز کی رسد زیادہ اور طلب کم ہونے کے باعث اب قیمتوں میں کمی رونما ہوئی ہے۔‘

درآمد کنندگان کے مطابق دوسری بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ چین میں کچھ بڑے منصوبوں کی منسوخی کے باوجود سولر پینلز کی بہت بڑی تعداد میں پیداوار کی گئی ہے جس کے باعث سولر پینلز وہاں بھی سستے ہوگئے ہیں، اسی طلب اور رسد کے تناظر میں پاکستان میں سولر پینلز کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد کمی ہو چکی ہے۔

 نثار لطیف کا کہنا تھا کہ 5 مرلے کے گھر میں پانچ سے سات کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کروایا جاتا ہے، جس کی مجموعی لاگت گزشتہ سال 12 سے 15 لاکھ روپے تک تھی تاہم اب سولر پینل سستے ہونے کے باعث اسی سسٹم کو 8 سے 10 لاکھ روپے میں نصب کروایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب بڑے گھروں میں 10 سے 15 کلو واٹ کے سسٹم کی تنصیب پر آنیوالی لاگت گزشتہ سال 22 سے 25 لاکھ روپے تھی جسے اب 13 سے 15 لاکھ روپے میں ممکن بنایا جاسکتا ہے، اسی طرح چھوٹے گھروں میں 4 سے 5 لاکھ روپے اور بڑے گھروں میں 8 سے 10 لاکھ روپے کے کم خرچ پر سولر پینل سسٹم نصب کروایا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ہائڈرون سولر کمپنی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر وقاص ہارون کے مطابق ’اس وقت دنیا میں سولر پینلز کی تعداد سولر سسٹم لگوانے والوں سے کہیں زیادہ ہے، یہی وجہ ہے جس کے باعث سولر پینلز کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی آ گئی ہے، اس وقت گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں سولر سسٹم 35 فیصد کم قیمت پر نصب کیا جارہا ہے چونکہ ایک سولر سسٹم میں بھاری قیمت سولر پینلز کی ہوتی ہے لہذا مجموعی طور پر اس ضمن میں اٹھنے والے اخراجات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔’اگر سولر پینلز کی طلب میں زیادہ اضافہ نہ ہوا تو عین ممکن ہے کہ سولر پینلز کی قیمت میں مزید مگر معمولی کمی رونما ہو جائے۔۔۔جس کا بہرحال فائدہ شہریوں کو پہنچے گا۔‘

Back to top button