چیمپئنزٹرافی دبئی سےاسلام آبادپہنچ گئی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےچیمپئنزٹرافی دبئی سے اسلام آبادپہنچا دی گئی۔
تفصیلات کےمطابق آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق 16 نومبر سے چیمپئنزٹرافی ٹور کا آغاز ہونا ہے۔24نومبر تک جاری رہنے والےٹرافی ٹورکا آغازسکردو سےہوگا۔سکردو کے بعد چمپئینز ٹرافی کو کے ٹو بیس کیمپ لے جایا جائے گا۔پھرٹرافی ٹور میں وہ شہر بھی کور ہوں گے جہاں چیمپئنزٹرافی کے میچز ہونا ہیں۔
پی سی بی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور شروع ہو گیا۔آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتا ہے۔
واضح رہے کہ مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کےشیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے جنوری میں کیا گیا تھا۔مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے جون میں ہوا تھا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈولڈ ہے۔آئی سی سی نےچیمپئنزٹرافی کے شیڈول کا اعلان 11 نومبر کو لاہور میں کرنا تھا۔چیمپئنزٹرافی 2024 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں منعقد ہونا تھے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی ٹیم کے پاسکتان آنے سے انکار کے باعث آئی سی سی ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر پا رہا۔
پاکستان موقف پر ڈٹ گیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کےلیےہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے موقف پر سختی سے قائم ہے۔چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار اور اس کے بعد بھارت کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی باتوں کےباوجود پاکستانی حکام ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنےکے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اس حوالےسے پاکستان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مؤقف پہنچا دیا ہے، پاکستان کےسخت مؤقف نےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کےمطابق مالی معاملات میں نقصان کے اندیشے کی وجہ سے آئی سی سی بحرانی صورتحال سے دوچار ہے اورحالیہ ڈیڈ لاک کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیاجاسکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی سی سی نے 100 ڈیز ٹو گو کے موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا ہے، آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز پہلے ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرناپڑ سکتاہے۔