کالعدم TLP کے 177 مدارس اور 330 مساجد تنظیم المدارس کے سپرد کرنے کا معاہدہ

پنجاب میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے زیرِ انتظام 177 مدارس اور 330 مساجد کو مرحلہ وار تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے سپرد کرنے کا معاہدہ صوبائی حکومت اور تنظیم کے درمیان طے پا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، ناظمِ اعلیٰ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی کی جانب سے جاری کردہ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تنظیم پنجاب حکومت کو یہ یقین دہانی کراتی ہے کہ وہ ان مدارس کی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے حکومت سے طے شدہ تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔
دستاویزات کے مطابق، یہ تمام مدارس قومی سلامتی، ملکی استحکام اور معاشرتی امن کے اصولوں کے پابند ہوں گے۔ مدارس کی انتظامیہ، اساتذہ یا طلبہ میں کسی بھی مشکوک یا شرپسند عنصر کو جگہ نہیں دی جائے گی۔ ادارے ریاست، ملک یا عوام کے خلاف کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے اور نہ ہی ایسی کسی سرگرمی کی اجازت دیں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ ادارے ریاستی قوانین اور پالیسیوں کی مکمل پاسداری کریں گے، جبکہ حکومت پنجاب کو کسی بھی وقت شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔
تنظیم المدارس نے ان مدارس کے مہتممین اور منتظمین کو ایک بیانِ حلفی (Affidavit) بھی ارسال کیا ہے جس میں انہیں یہ تحریری یقین دہانی کرنی ہوگی کہ ان کے ادارے میں کسی قسم کی قانون شکن یا شرپسند سرگرمی نہیں ہو رہی۔ وہ ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
مزید یہ کہ تمام مدارس حب الوطنی، قانون کی پاسداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ پر عمل پیرا رہیں گے۔ ان ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں مجاز سرکاری ادارے کو قانونی و انضباطی کارروائی کا مکمل اختیار ہوگا۔
