کراچی میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق

کراچی میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک روز میں ہی بڑھ کر 13 ہوگئی ہے اور آج سب سے زیادہ 9 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ پاکستان میں مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض کو ممکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ سے جاری بیان کے مطابق 8 مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 5 افراد شام سے براستہ دوحہ کراچی آئے اور 3 لندن سے براستہ دبئی گزشتہ ہفتے کراچی پہنچے تھے۔محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف کا کہنا تھا کہ کراچی شرقی سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ شہری کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ شہری شام سے براستہ دوحہ کراچی آیا تھا جبکہ ان سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا تھا جو سندھ میں چوتھا کیس تھا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ کی صدارت میں کورونا وائرس کے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جہاں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آج 4 ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں سے ایک مثبت آیا ہے اور اس کا تعلق کراچی سے ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ محکمہ صحت سندھ نے ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 107 نمونے حاصل کیے تھے جس میں 4 مثبت آئے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے پہلے مریض کو مکمل صحت یابی کے بعد دو روز قبل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے مریض کی صحت یابی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ‘پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوگیا ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے’۔ میران یوسف کا کہنا تھا کہ حکام نے مریض کو تیسرا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ہسپتال سے خارج کرنے کی اجازت دی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے فوری بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں 29 فروری کو اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک کیس سندھ اور دوسرا وفاق میں رپورٹ ہوا ہے جبکہ پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے روبصحت ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے بھی کراچی میں کورونا وائرس کے نئے مریض کی تصدیق کی تھی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے 3 مارچ کو پانچویں کیس کی بھی تصدیق کی تھی جس کے بعد 6 مارچ کو کراچی میں 69 سالہ شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو سندھ میں تیسرا اور پورے پاکستان میں چھٹا کیس تھا۔کراچی میں چوتھے کیس کی تصدیق گزشتہ روز ہوئی تھی اور اب پانچویں کیس کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 19 دسمبر کو چین میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا تھا اور یہ وائرس اب تک دنیا کے 108 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔کوروناوائرس سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 800 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 62 ہزار 53 افراد اس وائرس سےنجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں مکمل صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے خارج کردیا گیا۔ چین میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں اور ہلاکتیں بھی سب سے زیادہ ہوئیں جس کے بعد جنوبی کوریا دوسرا ملک جہاں سب سے زیادہ متاثرین رپورٹ ہوئے۔
