کرن حق کو شوبز میں نمایاں کردار کیلئے سالوں انتظار کیوں کرنا پڑا؟

اداکارہ کرن حق نے بتایا کہ کم عمری میں بطور سپورٹ ڈانسر کیرئیر کا آغاز کیا، مرکزی، نمایاں کردار کیلئے انہیں سالوں انتظار کرنا پڑا، کئی سال تک وہ جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کرتی رہیں۔کرن حق حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’’مذاق رات‘‘میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری پر کھل کر بات کی، بتایا کہ انہیں پہلی بار ’تیرے پہلو میں‘ نامی ڈرامے میں اداکاری کرنے سے شہرت ملی، ڈرامے کی پانچ ہزار قسطیں تھیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگئیں۔ان کے مطابق انہیں جونیئر آرٹسٹ سے مرکزی اداکارہ بننے میں کافی عرصہ لگا لیکن ان ہی ہدایت کاروں نے انہیں مرکزی کردار دیئے، جن کے ساتھ انہوں نے سپورٹنگ اداکارہ کے طور پر کام کیا۔ان کا اداکاری کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن انہیں یہ بھی علم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اداکاری کیوں منتخب کی اور کیسے شعبے کو اپنایا۔کرن حق نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی کسی مرد کے ساتھ یک طرفہ محبت نہیں ہوئی، البتہ ان کے ساتھ کئی افراد کو ہوئی، تسلیم کیا کہ وہ بڑی شاطر اور چالاک ہیں، انہوں نے اپنے بیٹے کو سب سے بڑی کامیابی قرار دیا، بتایا کہ شادی سے قبل ان کی شادی کے رشتے کم آتے تھے کیوںکہ وہ خود بھی شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ان کا خیال تھا کہ وہ پیسے کما کر اہل خانہ کی مدد کریں، اس لیے وہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں، کیوں کہ شادی کے بعد لڑکیاں گھر والوں کی مدد نہیں کر سکتیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد خواتین شوہروں کی اجازت کی محتاج ہوتی ہیں، اگر انہیں وہ ملازمت یا کمانے کی اجازت دیں گی تو وہ پیسے کمائیں گی؟اگر ان کے شوہر انہیں کام کرنے سے روکیں گے تو وہ رک جائیں گی اور کوئی کام نہیں کریں گی۔کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں اس وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوتی تھی جب شروعات میں کوئی ہدایت کار انہیں ملاقات کے لیے بلاتے تھے لیکن وہ ان سے ملتے ہی نہیں تھے۔اس وقت ان کے پاس گاڑی نہیں ہوتی تھی، نہ ہی ان کے پاس اتنے پیسے ہوتے تھے، اس لیے وہ رکشہ میں آتی جاتی تھیں اور ہدایت کار کے بلانے پر وہ کئی گھنٹوں تک ان کے دفتر کے باہر انتظار کر کر کے چلی جاتی تھیں۔اعتراف کیا کہ ایسے وقت پر انہیں شدید مایوسی اور تکلیف ہوتی تھی اور ساتھ ہی اعتراف کیا کہ ایسے رویوں پر دلبرداشتہ ہوکر رو بھی دیتی تھیں، بطور اداکارہ ان کی پہلی کمائی تین ہزار روپے تھی، ابتدائی طور پر بطور سپورٹ ڈانسر اور پھر جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کے کئی سال بعد مرکزی کردار ادا کیے۔

Back to top button