کورونا وائرس: اولمپکس مقابلوں کے بعد یورو کپ کا انعقاد بھی خطرے میں

رواں سال شیڈول سب سے بڑے فٹبال کے مقابلے ‘یورو کپ’ کے انعقاد میں اب محض 100دن باقی ہیں لیکن دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے اب اولمپکس مقابلوں کے ساتھ ساتھ یورو کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
رواں سال 12جون سے 12 جولائی تک یورپ کے 12 شہروں میں شیڈول ٹورنامنٹ میں 24یورپی ٹیمیں شرکت کریں گی۔چین کے صوبے ہوبے سے پھیلنے والے اس مہلک کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3ہزار زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 85ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس یورپ میں سب سے زیادہ تیزی سے اٹلی میں پھیل رہا ہے اور یورو کپ کے چند میچز کی میزبانی اٹلی کے دارالحکومت روم کو کرنی ہے۔یوئیفا کا کہنا ہے کہ تمام مقامات اور ٹراسپورٹ کی سہولتیں تیار ہیں اور ٹکٹوں کی مانگ آسمان پر پہنچ چکی ہے اور ہمیں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں، ہمیں کورونا وائرس کے علاوہ کسی چیز سے خطرہ نہیں کیونکہ ابھی تک اس کے نتائج کے بارے میں کسی کو علم نہیں لہٰذا اس وائرس سے ایونٹ کے انعقاد کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
یورپ میں کورونا وائرس سے 52ہلاکتوں اور 2ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اٹلی میں فٹبال لیگ سیریز اے کے تمام میچز کو تاحکم ثانی منسوخ کردیا گیا ہے۔ادھر سوئٹزرلینڈ میں بھی پیر کو 24کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی مارچ کے اختتام تک ملک میں شیڈول فٹبال کی لیگز کے تمام مقابلوں کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
فیفا کے صدر فیانی انفینٹینو نے کہا کہ کسی بھی شخص کی صحت فٹبال کے میچ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔فٹبال ایسوسی ایشن آف ویلز کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن فورڈ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس وائرس پر قابو پا لیا جائے گا لیکن ہم ان پر ماہرین سے مشورے لیں گے اور صحت پہلی ترجیح ہے۔
پیر کو ایمسٹرڈیم میں منعقدہ یورپیئن فٹبال کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا معاملہ زیر بحث آیا لیکن یوئیفا اب بھی ایونٹ کے بروقت انعقاد کے لیے پرامید ہے۔یوئیفا کا کہنا ہے کہ ہم کورونا وائرس اور اس کی پیشرفت کے حوالے سے بین الاقوامی اور مقامی متعلقہ حکام سے مستقل رابطے میں ہیں، ابھی ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔
یورو کپ کا افتتاحی میچ 12جون کو روم میں میزبان اٹلی اور ترکی کے درمیان شیڈول ہے۔یوئیفا کا کہنا ہے کہ انہیں ٹکٹ کی 2کروڑ 80لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور یہ اعدادوشمار 2016 کے یوروپ کپ کے مقابلے میں دو گنا ہیں۔یورو کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی لندن کا ویمبلے اسٹیڈیم کرے گا۔یورو کپ میں حصہ لینے والی 24ٹیموں میں سے 20 کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ بقیہ 4 ٹیموں کا فیصلہ رواں ماہ کے اختتام تک ہو جائے گا۔
