کورونا وائرس: ایرانی جیلوں سے 54 ہزار قیدی رہا

ایران نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کےلیے جیلوں سے 54 ہزار سے زائد قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کر دیا ہے ان جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی تھے۔
ایرانی حکام کے مطابق قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور جن کے ٹیسٹ نیگیٹیو تھے انہیں طویل رخصت دی گئی یعنی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ ایرانی حکومت کی پالیسی کے مطابق 5 سال سے زائد سزا پانے والے قیدیوں کو رہائی نہیں دی جائے گی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ایرانی وزارت صحت نے ملک میں وائرس کے کیسز میں 50 فیصد تک اضافے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ایران میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2336 بتائی گئی تھی جب کہ ایران میں وائرس سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ ایرانی پارلیمنٹ کے 290 ممبران میں سے 23 مممبران کے وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 3 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
