کورونا وائرس سے بچنےکےلیے خاتون زرافہ بن گئیں

دنیا کے جن ممالک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے وہاں کے رہائشی خود کو جان لیوا وائرس سے بچنے کےلیے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔
چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے مقامی اسپتال میں ایک چینی خاتون کو زرافہ کے کاسٹیوم (لباس) میں دیکھا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چینی خاتون نے زرافے کا کاسٹیوم پہنا ہوا ہے اور وہ اسپتال میں گھومتی ہوئے نظر آرہی ہیں۔
جب خاتون سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے سے قبل ہی میرے والد سانس سے متعلق کسی بیماری میں مبتلا ہوئے تھے اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھے جب کہ ان کے گھر میں ایک ماسک موجود تھا جس کی تاریخ میعاد ختم ہوچکی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں کوئی بھی ماسک دکان سے نہیں مل رہا تھا جس کے بعد انہوں نے زرافے جیسا کاسٹیوم پہننے کا سوچا۔
اسپتال کے اسٹاف نے خاتون کے اس عجیب و غریب لباس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈال دی جو وائرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ چین میں پالتو جانوروں کے مالکان نے کورونا وائرس کے خوف سے اپنے جانوروں کو فیس ماسک پہنائے تھے تاکہ ان کے پالتو جانور بھی کورونا وائرس سے بچ سکیں۔
