کیا جنرل باجوہ اور امریکی سفارت کار سائفر کیس میں گواہ بنیں گے؟

سینئر صحافی اور کالم نگار نصرت جاوید نے کہا ھے کہ عمران خان بخوبی جانتے ہیں کہ سائفر کیس میں سفارتی رازداری کے اصولوں کی وجہ سے وہ اپنا دفاع نہیں کرپائیں گے۔اسی لئے وہ معاملے کو ’’قانونی‘‘ کے بجائے ’’سیاسی‘‘ بنارہے ہیں۔اس تناظر میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو عدالت میں جرح کے لئے بلوانے کا مطالبہ تو کسی حد تک سمجھ میں آتا ہے۔مگر ایسا کوئی قانون موجود نہیں جو ہماری عدالتوں کو اس قابل بنائے کہ وہ امریکی وزارت خارجہ کے کسی اہلکار کو گواہی یا جرح کے لئے اپنے روبرو طلب کرسکیں۔ اپنے ایک کالم میں نصرت جاوید لکھتے ہیں کہ بہت دیر کے بعد فقط آٹھ صحافیوں کو پیر کے روز عمران خان کے ساتھ گفتگو کا موقعہ مل گیا۔ اڈیالہ جیل میں ان کے خلاف سائفر کیس کے حوالے سے جاری کارروائی اس کا سبب بنی ۔ یہ صحافی سوشل میڈیا پر بنائے اپنے اکائونٹ اور وہاں چلائے پیغامات کے ذریعے بنیادی پیغام فقط یہ دیتے رہے کہ جیل عمران خان کو ’’توڑ ‘‘نہیں پائی ہے۔بظاہر وہ خود کو مشکلات کے بھنور میں پھنسے رہنے کے بجائے مطمئن اور ریلیکس محسوس کررہے ہیں۔ قصہ مختصر جیل ان کے لئے اعصاب شکن تجربہ ثابت نہیں ہوئی۔ عمران خان کے بارے میں اکثر لوگوں کا یہ خیال تھا کہ وہ جیل کی سختیاں برداشت نہیں کر پائیں گے حالانکہ بچپن ہی سے وہ کسرتی طبیعت والے ہیں۔ایچی سن کالج میں کرکٹ کے علاوہ ہاکی بھی بہت شوق سے کھیلتے رہے۔بعدازاں فاسٹ بائولر ہونے کی ضد باندھ لی تو اس شعبے کے لئے درکار توانائی کے حصول اور اسے برقرار رکھنے کے لئے ماہرین کی نگرانی میں خصوصی ورزشوں کی عادت اپنالی۔ کرکٹ کی ریاضتوں نے انہیں سخت جان بنادیا۔

نصرت جاوید کہتے ہیں کہ مریم نواز بھی ایک قدامت پرست خاندان کی بہت لاڈلی بچی تھیں۔پیار سے انہیں ’’گڑیا‘‘ پکارا جاتا تھا۔2018ء کے انتخاب کے قریب وہ اپنے والد کا ہاتھ تھام کر اپنی والدہ کو بستر مرگ کے حوالے کرنے کے بعد پاکستان لوٹی تھیں۔ جیل ہی میں انہیں اپنی والدہ کے انتقال کی خبر ملی۔ اس کے علاوہ ایک بار اپنے والد سے ملاقات کے دوران ایک اور مقدمے کی وجہ سے گرفتاربھی ہوئیں۔جیل مگر انہیں ’’توڑنے‘‘ میں ناکام رہی تھی۔عمران خان اور مریم نواز قدآور سیاستدان ہیں۔ انہیں اپنی ساکھ کے تحفظ کیلئے مشکل ترین حالات میں بھی خود کو پْراعتماد دکھانا لازمی ہے۔ ان کے برعکس مفتاح اسماعیل سیاست میں تقریباََ نووارد تھے۔ تعلق ان کا ایسی برادری سے ہے جو فقط کاروبار کے ساتھ مختص تصور ہوتی ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے سے انکار کردیا اور سنگین جرائم کے عادی افراد کیلئے اڈیالہ جیل میں بنائی حوالات میں کئی مہینے ہنستے مسکراتے گزاردئیے۔ عمران خان کے پرستار مگر اپنے کپتان کی ثابت قدمی کو جرات وبہادری کایک وتنہا مظہر تصور کرتے ہیں۔ان کے رہ نما سے اڈیالہ جیل میں ملنے والے صحافیوں نے ان کے دل میں موجود خیالات کی تصدیق فراہم کردی۔سوشل میڈیا پر اس کی وجہ سے رونق بھی لگ گئی۔

نصرت جاوید کے مطابق اس وقت اھم بات یہ ہے کہ عمران خان جیسے قد آور سیاستدان اپنے لئے کونسے اھداف طے کر رکھے ہیں اور ان کے حصول کے لئے وہ جو حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہیں وہ بارآور ثابت ہوسکتی ہے یا نہیں۔نصرت جاوید کہتے ہیں کہ اس تناظر میں عمران خان کو ان دنوں درپیش مسائل کا جائزہ لیں تو ان کے خلاف سائفر کے حوالے سے قائم ہوا مقدمہ سنگین ترین ہے دکھائی دیتا ہے۔ ’’سائفر‘‘ کے ذریعے دنیا کی کسی بھی حکومت کو ملا پیغام نہایت ’’حساس‘‘ اور ’’خفیہ‘‘شمار ہوتا ہے۔اسے عام زبان میں نہیں لکھا جاتا۔اس کا حقیقی متن جاننے کے لئے ایک ’’کلید‘‘ استعمال کرنا ہوتی ہے جسے ریاستیں کسی غیر کے ہاتھ لگنے نہیں دیتیں۔ عمران خان گزشتہ برس کے مارچ سے اصرار کئے چلے جارہے ہیں کہ خود کو دنیا کی واحد سپرطاقت تصور کرنے والا امریکہ ان کی پاکستان کو ’’خودمختار‘‘ بنانے کی لگن سے مشتعل ہوگیا تھا۔بائیڈن انتظامیہ کے دل میں ان کے خلاف مبینہ طورپر اْبلتے اشتعال کو انہوں نے روس کے یوکرین پر حملہ آور ہونے کے ایک دن قبل ماسکو پہنچ کر مزید بھڑکایا۔

اس کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ سطحی اہلکار ڈونلڈ لو نے پاکستان کے ان دنوں واشنگٹن میں تعینات سفیر اسد مجید خان سے ملاقات کی اور پیغام دیا کہ عمران خان باز نہ آئے تو امریکہ ان کو اقتدار سے فارغ کردے گا۔ عمران خان کے مذکورہ دعویٰ کوامریکہ سرکاری ترجمانوں کے ذریعے مستقل رد کئے جارہا ہے ۔ فی الوقت جو مقدمہ ’’سائفر‘‘ کے حوالے سے سابق وزیر اعظم کے خلاف اڈیالہ جیل میں چلایا جارہا ہے وہ عمران خان کو سرکاری طورپر ’’خفیہ‘‘ دستاویز عوام کے روبرو لانے کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔اس کے علاوہ الزام یہ بھی ہے کہ امریکہ میں تعینات ہمارے سفیر نے ڈونلڈ لو کی گفتگو پر مبنی جو پیغام اسلام آباد بھیجا تھا وہ عمران خان کی سنائی داستان سے ’’مختلف‘‘ ہے۔ڈونلڈ لو اور اسد مجید خان کے مابین گفتگو تلخ تھی مگر اس میں عمران حکومت کا تختہ الٹنے کی دھمکی نہیں دی گئی تھی۔عمران خان نے ’’زیب داستان‘‘ کے لئے ازخود یہ کہانی گھڑی اور یوں پاکستان کے لئے سفارتی محاذ پر سنگین مشکلات کھڑی کردیں۔

نصرت جاوید کا کہنا ہے کہ اپنے دفاع کے لئے عمران خان کو تمام ترتوجہ اس امر پر مرکوز رکھنا چاہیے کہ انہیں امریکہ نے واقعتا اقتدار سے معزول کرنے کی دھمکی بھجوائی تھی۔ اسے ثابت کرنے کے لئے لازمی ہے کہ اسد مجید صاحب کا بھیجا ’’سائفر‘‘ عدالت میں ایک بار پھر اس دن کے لئے استعمال ہوئی ’’کلیدی زبان‘‘یعنی کوڈ کے استعمال کے ذریعے غور سے پڑھا جائے۔ یہ واقعہ مگر ’’کھلی عدالت‘‘میں ہونہیں پائے گا کیونکہ دنیا کی کوئی ریاست نہیں چاہتی کہ اس کے اہلکار حکومت کو حساس معاملات کی بابت آگاہ رکھنے کے لئے جو ’’کوڈ‘‘استعمال کرتے ہیں وہ غیروں کے ہاتھ لگے۔عمران خان بخوبی جانتے ہیں کہ اگر انہوں نے مذکورہ بالا پہلو پر توجہ مرکوز رکھی تو وہ اپنا دفاع نہیں کرپائیں گے۔اسی باعث وہ معاملے کو ’’قانونی‘‘ کے بجائے ’’سیاسی‘‘ بنارہے ہیں

Back to top button