یاسر حسین اور سونیا حسین نے عید کے لیے سویاں تیار کر لیں

عیدالفطر پر مداحوں کے منہ میٹھا کرنے کے لئے اداکارہ سونیا حسین اور اداکار یاسر حسین نے ابھی سے سویاں تیار کرلی ہیں اور انہیں مزے آنے والے ہیں۔ یاسر اور سونیا کی مزاح سے بھرپور ٹیلی فلم ’’سویاں‘‘ عیدالفطر پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ فلم کے دیگر اداکاروں میں سکندر خان، سیفی حسن، زیبا شہناز، صباحت عادل، نئیر اعجاز، عنبر واحد اور حنا رضوی شامل ہیں۔اس کامیڈی فلم کی کہانی کا پلاٹ ایک قتل کے گرد گھومتا ہے۔ فلم کی کہانی بلال عاطف خان نے لکھی ہے جو اس ٹیلی فلم سے بطور لکھاری اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں، وہ فلم کی ہدایت کاری بھی کر رہے ہیں۔ فلم کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جس کے اہل خانہ عید پر ان کے پاس آتے ہیں اور ایک ’خوشی کی خبر‘ کی توقع کرتے ہیں، اہل خانہ جوڑے کے ماں باپ بننے کی توقع کر رہے ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ دونوں ’طلاق‘ لینے کے بارے میں سوچ رہے ہوتے ہیں۔
اس کہانی سے ایک قتل کا معمہ بھی جڑا ہوا ہے۔ ممکنہ طور پر گھر میں ایک جوڑے کی لاشیں موجود ہیں جن کو سونیا اور یاسر چھپانے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں۔
فلم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ اقرا عزیز کے شوہر یاسر حسین نے بتایا کہ یہ فلم کامیڈی اور ہارر کا بھر پور امتزاج ہے۔ یاسر نے کہا کہ میں بنیادی طور پر تھیٹر کا اداکار ہوں اور برسوں سے تھیٹر میں ہوں، اس فلم کا سکرپٹ انگریزی ڈراما نگار رے کونی اور ان کے ڈراموں سے بہت متاثر ہے؟ یاسر نے کہا کہ کافی عرصے بعد انہیں ایک مختلف سکرپٹ ملا ہے اور ویسے بھی میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ نئے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کروں، مثلاً خضر، جنہوں نے بادشاہ بیگم نامی فلم کی ہدایت کاری کی تھی، انہوں نے کہا کہ اسی طرح اس ٹیلی فلم کے ہدایت کار بلال عاطف خان بھی کافی دلچسپ انسان ہیں اور مجھے ان کے ساتھ کام کر کے بہت اچھا لگا۔
بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پیش کردہ فلم ’سویاں‘ اداکار یاسر کی اس پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ دوسری فلم ہے، اداکار یاسر نے کہا کہ بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کی پیش کش بہت اعلیٰ ہے، اس کمپنی کے ساتھ 4 سال پہلے میں نے ایک ٹیلی فلم ’ہیلپ می دردانہ‘ میں کام کیا تھا، یاسر نے کہا میں حیران ہوں کہ یہ پروڈکشن کمپنی کتنی عمدہ اور پروفیشنل ہے۔
