پاکستان کی نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزادکو اولمپکس کا پروانہ مل گیا
پاکستان نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی،ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں شرکت کا خواب پورا ہو گیا ہے، سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کے لیے پر عزم ہوں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق ماحور شہزاد کو ٹوکیو اولمپکس میں انوی ٹیشنل پلیس مل گئی ہے اور وہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
ماحور شہزاد کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی کوششوں سے انوی ٹیشنل پلیس کا موقع ملا ہے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے ماحور شہزاد کو اولمپکس کے لیے جگہ بنانے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ماحور شہزاد پاکستان کی نمبر ون بیڈمنٹن پلیئر ہیں اور تیزی سے عالمی رینکنگ بھی بہتر بنا رہی ہیں وہ اولمپکس میں شرکت کی مستحق ہیں۔
ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ میرا خواب سچ ثابت ہو گیا ہے مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گی میں توقعات پر پورا اتروں گی اور سبز ہلالی پرچم بلند کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر گزشتہ ایک برس کے دوران بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کا موقع ملتا تو ٹاپ 100 میں آجاتی لیکن کوویڈ کی وجہ سے ممکن نہیں ہوا۔