کشمیرکی خاطرمزید10جنگیں بھی لڑناپڑیں تولڑیں گے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی خاطر ہم پہلے 3جنگیں لڑ چکے ہیں مزید 10بھی لڑناپڑیں توگریزنہیں کریں گے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف جموں و کشمیر یادگار گئے اور وہاں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔انہوں نےشہدا کی بےمثال قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نےکشمیر میں جاری مشکل آپریشنل حالات میں متعین افسران اور فوجیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ برتری اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی۔انہوں نےفوجیوں کی بلند حوصلہ افزائی اور چوکس نگرانی کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق آرمی چیف نےکہا کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا مقابلہ کرنے کیلئےاعلیٰ درجے کی جنگی تیاری برقرار رکھنا ضروری ہے۔
جنرل عاصم منیر نے مسلح افواج کی جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔پاک فوج مکمل عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ قوم کی حاکمیت اور سرحدی سالمیت کا دفاع کرے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اپنے دورے کے دوران جنرل عاصم منیر نے کشمیر کی معروف شخصیات اورسابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اورغیر قانونی طور پر بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے پاکستان کی پائیدار حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیر کے عوام کی خود ارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت دیتی ہے۔پاکستان ہمیشہ ریاستی جبر و ظلم کے خلاف کشمیر کے عوام کے جائز اور باحق مقصد کے ساتھ کھڑا رہےگا اور یقیناً ایک دن کشمیر آزاد ہوکر،کشمیر کے عوام کی آزاد مرضی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔
قبل ازیں مظفر آباد پہنچنے پرآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر راولپنڈی نے کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد آزاد کشمیر کے دورے کے موقع پر کشمیری عمائدین اور ویٹرنز سے اہم خطاب بھی کیا۔انہوں نے کہا کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے۔کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آزادی کی شمع،کشمیریوں کی ایک پیڑھی، دوسری پیڑھی کے حوالے کرتی چلی آ رہی ہے۔اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہم ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے کشمیر کی سر زمین کو قدرتی حسن اور وسائل سے نوازا ہے۔
سپہ سالار نے کہا کہ آج،کل یا پرسوں یا تھوڑے عرصے تک مقبوضہ کشمیر میں زیادتی کر سکتے ہو مگر ہمیشہ کے لیے نہیں۔کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام نے کرنا ہے،نہ کہ مقبوضہ کشمیر میں کِسی غاصب فوج نے۔ کشمیر کی خاطر 3جنگیں لڑی ہیں، 10 مزید لڑنی پڑیں تو ان شا اللہ لڑیں گے۔
آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان کو دہرایا کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ شہ رگ کو جسم سے کاٹنے کا مطلب زندگی کا خاتمہ ہے۔مسلمان کبھی دشمن کی تعداد یا ہتھیاروں سے معیوب نہیں ہوتا۔ایمان،تقویٰ اورجہاد فی سبیلِ اللہ کی بنیاد پراللہ کا گروہ ہی ہمیشہ غالب رہے گا۔
جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے اور آئی ٹی سیکٹر میں یوتھ کے لیے روزگار پیدا کریں گے۔
کشمیری معززین نے اس موقع پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال فلسطین سے بھی بدتر ہوتا۔ پاک فوج اور کشمیری عوام کا رشتہ اٹوٹ ہے۔
