تنازع کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کا واحد راستہ ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ5 فروری پکار پکارکریاد دلارہا ہے کہ کسی 5 اگست سے کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،کشمیریوں کےآزادانہ اور منصفانہ حق رائے دہی کے ذریعے تنازع کشمیر کا حل ہی خطے اور دنیا میں امن کا واحد راستہ ہے۔

مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کےدن میں24 کروڑ عوام کی جانب سے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئےحاضر ہوا ہوں، آج ہم ان عظیم شہدا کو سلام پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے لہو سے آزادی کی ناقابل فراموش داستان لکھی ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ برہان وانی شہید سےلےکر سید علی گیلانی تک، کشمیر کے بہادر بچوں اوربچیوں سےلےکر آسیہ اندرابی تک، بہادر اور بے خوف یٰسین ملک سےلےکرمیرواعظ عمر فاروق تک جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد، ہر رہنما، ہر کارکن، ہر شہری اور ہر کارکن کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، اس جہدوجہد میں ہم کشمیریوں کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں جب تک کہ انہیں ان کا حق آزادی نہیں مل جاتا اور وہ سرخرو نہیں ہوجاتے۔

وزیراعظم نےکہا کہ کشمیریوں نے اپنی ولولہ انگیزجدوجہد سے بھارت کے فوجی غرور کو شکست فاش دی ہے، بھارتی فوج نےہر طرح کا ظلم و جبر ڈھایا اور وادی کشمیر کوبے گناہ کشمیریوں کے خون سےسرخ کردیامگر آج بھی کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوطی سے ڈٹا ہوا ہے۔

شہبازشریف  نےکہاکہ بھارت اپنی لاکھوں کی فوج میں مزید اضافہ کرتا جارہا ہے مگر کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ اور بھی بڑھ رہی ہے،5 فروری پکار پکار کر یاد دلارہا ہے کہ کسی 5 اگست سے کشمیر بھارت کاحصہ نہیں بن سکتا، نہ کشمیری اسے مانتے ہیں، نہ سلامتی کونسل سمیت دنیا اسےمانتی ہےاور نہ پاکستان اور اس کے 24 کروڑ عوام اسے مانتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ بابائے قوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا، کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو اس سے بہتر اور جامع انداز میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تنازع کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حق رائےدہی کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استعمال کے ذریعے ہوگا، اس خطےاوردنیا میں پائیدار امن کی ضمانت کا بس صرف یہی ایک واحد راستہ ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ پوری دنیاکےجمہوری مزاج رکھنے والےممالک، ادارے، تنظیمیں، بین الاقوامی اصول،عالمی قوانین اورمہذب انسان فلسطین اور کشمیر کے عوام کے جمہوری حق کی حمایت کرتے ہیں، دنیا میں انصاف اور جمہوریت کے دو الگ الگ قانون و معیارات اور عالمی قانون کے نفاذ میں امتیاز قبول نہیں کیا جاسکتا۔

Back to top button