114سالہ بھارتی میراتھون رنر فوجا سنگھ حادثے میں جاں بحق

دنیا بھر میں "ٹرینڈ ٹورنیڈو” کے لقب سے شہرت پانے والے بھارتی میراتھون رنر فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ جالندھر کے نواحی علاقے بیاس میں پیش آیا، جہاں فوجا سنگھ اڈم پور-بھگوپور روڈ عبور کر رہے تھے کہ ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہوگئی۔
شدید زخمی فوجا سنگھ کو فوری طور پر جالندھر کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
فوجا سنگھ یکم اپریل 1911 کو بیاس میں پیدا ہوئے تھے اور چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ 1992 میں اپنی اہلیہ گیان کور کی وفات کے بعد وہ مشرقی لندن منتقل ہو گئے، جہاں 1994 میں بیٹے کلدیپ سنگھ کی ناگہانی موت نے انہیں گہرے صدمے سے دوچار کیا۔
