13 دسمبر کے جلسے سے حکمرانوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرادری نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں کٹھ پتلی حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے ۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری لاہور پہنچ گئے جہاں بلاول ہاوَس لاہور میں ان کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کا ایک مشاورتی اجلاس ہوا ، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماوں کو ہدیت کی کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان لاہور کے جلسے کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے ، 13 دسمبر کے جلسے نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں کیوں کہ کٹھ پتلی حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے۔
پی ڈی ایم کے اسی لاہور جلسہ کے بارے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آندھی آئے یا طوفان آئے، یا پھر راستے بند ہوں، جلسہ ہوکر رہے گا، خدا کے لہجے میں بولنے والے 2 دنوں سے نوازشریف سے این آراو مانگ رہے،جعلی حکومت کو گھر بھیجنے ، مہنگی بجلی اور مہنگی گیس سے نجات دلانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے شنگھائی پُل فیروزوالامیں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے ،مہنگی بجلی اور مہنگی گیس سے نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے، یہ کہتے تھے نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، لیکن آج یہ سب مل کر ایک بندے کے فیصلے کی طرف دیکھ رہے ہیں، کہتے تھے این آراو نہیں دوں گا، پچھلے دو دن سے نوازشریف سے ہاتھ جوڑ کر این آراو مانگ رہا ہے، کان کھول کے سن لو، عوام کے چولہے اور ووٹ پر ڈاکا ڈالنے ، کاروبار چھیننے والے، روٹی کو 30 روپے کر کے عوام کے چولہے بجھا دینے والو، سن لو نوازشریف تمہیں این آراو نہیں دیں گے ، لاہور والو، بتاؤ کیا فیصلہ ہے کہ جعلی اسمبلیوں میں بیٹھیں یا استعفے دے دیں؟ انشاء اللہ ایسا ہی ہوگا، میرے گھر استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔
