ترکش ڈرامے ’’صلاح الدین ایوبی‘‘ میں 4 پاکستانی اداکار

پاکستان میں ترکی ڈراموں کی مقبولیت کے بعد دونوں ممالک نے مشترکہ سیریز ’’صلاح الدین ایوبی‘‘ بنانے کے لیے اداکاروں کا انتخاب شروع کر دیا ہے جس کے لیے 4 پاکستانی فنکاروں کو چن لیا گیا ہے۔ ’’صلاح الدین ایوبی‘‘ کی کاسٹ کے لیے لاہور میں آڈیشنز کیے گئے، جس میں 6 ہزار افراد نے حصہ لیا۔ بتایا گیا کہ حیران کن طور پر 6 ہزار اداکاروں میں سے صرف 62 اداکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے ابتدائی طور پر صرف 4 اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ڈرامے کے شریک پروڈکشن ہاؤس ’انصاری شاہ فلمز‘ کے سربراہ ڈاکٹر کاشف انصاری نے بتایا کہ آڈیشن کے پہلے مرحلے کے بعد نامور اداکارہ عائشہ عمر، اشنا شاہ، فرحان آغا اور عدنان جیلانی کو کاسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پروڈیوسر نے چاروں اداکاروں کو تاریخی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کرنے کی تصدیق کی تاہم فوری طور پر ان کے کرداروں سے متعلق نہیں بتایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں عدنان صدیقی نے ڈرامے کے حوالے سے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ جنگجو ’’صلاح الدین ایوبی‘‘ کا مرکزی کردار پاکستانی نہیں بلکہ ترک اداکار کریں گے، عدنان صدیقی نے تصدیق کی کہ نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنائے جانے والے تاریخی ڈرامے کے وہ بھی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈرامے کے چار پاکستانی نژاد پروڈیوسر ہیں، جن میں وہ اور اداکار ہمایوں سعید بھی شامل ہیں جبکہ دیگر 2 پروڈیوسرز میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کاشف انصاری اور جنید علی شاہ بھی شامل ہیں۔ اداکار نے بتایا کہ پاکستان کے علاوہ ترکی سے بھی ڈرامے کے متعدد پروڈیوسرز ہیں، ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ تاریخی ڈرامے کی محض 25 فیصد کاسٹ پاکستانی ہوگی جبکہ تین سیزن پر مشتمل ڈرامے کے پہلے سیزن کی پوری شوٹنگ ترکی میں ہوگی۔
ڈرامے کا پہلا سیزن مکمل طور پر وہیں شوٹ ہوگا اور اگلے چار ماہ میں پاکستانی اداکاروں کو وہاں بھیج دیا جائے گا۔ ڈرامے کو ویب سیریز کی طرح بنایا جائے گا اور اس کے کم از کم تین سیزنز ہوں گے، ہر سیزن کی 34 قسطیں ہوں گی۔
