پریانکا چوپڑا نئی مس یونیورس ہرناز سندھو کی آئیڈیل کیوں؟

حال ہی میں مس یونیورس منتخب ہونے والی بھارتی دوشیزہ ہٍرناز سندھو نے مستقبل میں بالی ووڈ سٹار پریانکا چوپڑا کی بائیوپک فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ وہ انکی آئیڈیل اداکارہ ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی مس یونیورس رہنے والی کئی بھارتی اداکارائیں بالی ووڈ انڈسٹری کا حصہ بن چکی ہیں اور اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔
2021 میں مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کرنے والی ہرناز سندھو کا تعلق بھارتی پنجاب سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی بائیوپک میں کام کرنا پسند کریں گی، ہرناز سندھو نے کہا کہ وہ پریانکا چوپڑا سے بہت متاثر ہیں، جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ وہ کس اداکارہ کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم میں کام کرنا چاہیں گی تو ہرناز نے پریانکا چوپڑا کا نام لیا۔ ہرناز سندھو نے کہا کہ میں اس بائیوپک کا حصہ بننا چاہوں گی، پریانکا چوپڑا نے اپنے کیرئیر سے مجھے متاثر کیا ہے اور وہ ہزاروں لوگوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔
یاد رہے کہ ہرناز سندھو اس سے پہلے بھی پریانکا چوپڑا کے لیے تعریفی جملے ادا کر چکی ہیں اور پریانکا چوپڑا نے بھی ان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا تھا، ہرناز نے 70 ویں مس یونیورس مقابلے میں مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا، بھارت کو مس یونیورس کا ٹائٹل 21 سال بعد ملا ہے، سنہ 2000 میں یہ اعزاز لارا دتہ کو حاصل ہوا تھا۔ اسرائیل کے شہر ایلٹ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ہرناز سندھو نے پیراگوئے اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی حسیناؤں کو پچھاڑا، مس یونیورس کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد ان کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آیا تھا جس میں وہ یہ کہتی نظر آ رہی تھیں کہ مجھے پریانکا چوپڑا بہت پسند ہیں، اس لیے میں ہمیشہ ان کا انتخاب کروں گی، انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پریانکا چوپڑا میری انسپائریشن ہیں، پریانکا چوپڑا نے نہ صرف مقابلہ حسن میں شرکت کی بلکہ اپنی اداکاری اور گلوکاری کے ذریعے انڈیا کی نمائندگی کی، مس یونیورس نے کہا کہ میں ان کے نقش قدم پر چلنے کی اُمید رکھتی ہوں۔
