پولیس کو پی ٹی آئی کے دو ایم این ایز کیخلاف ویڈیو ثبوت مل گئے

اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے دھاوا بولنے کے معاملے پر پولیس کو تحریک انصاف کے دو ممبران قومی اسمبلی کے خلاف ویڈیو ثبوت مل گئے ہیں. میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیوز میں تحریک انصاف کے ایم این ایز عطاء اللّٰہ اور فہیم خان کو سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے. فوٹیج کے مطابق ایم این اے عطاءاللّٰہ خود گیٹ پر چڑھ کر اسے گرانے کی کوشش میں گر گئے تھے. ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے بتایا ہے کہ دونوں ایم این ایز کی ویڈیوز کو ثبوت میں شامل کر دیا گیا ہے. پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ایم این ایز کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے جا رہے ہیں. واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف یوتھ ونگ کے مشتعل کارکنان نے سندھ ہاوس پر دھاوا بول دیا تھا، جس میں کارکنان کی جانب سے سندھ ہاوس کا گیٹ توڑ کر اندر احاطے میں داخل ہونے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھیں.
پولیس نے سندھ ہاوس حملے میں ملوث تحریک انصاف کے 13 کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی تھی جبکہ مذکورہ دونوں ایم این ایز کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا.

Back to top button