عمران کو ضمنی الیکشن میں دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دیدی
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر کل ہونیوالے ضمنی الیکشن کے حوالےتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وارننگ دی ہے کہ وہ دنگا فساد سے باز رہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے، عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
انکاکہنا تھااطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی، خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاپرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا، پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے، عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے، کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا، صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔