2025کےبعدپاکستان میں معاشی ترقی کی رفتارتیزہوگی،آئی ایم ایف

بین الاقوامی مالیاتی فنڈنے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان میں 2025 سے معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کے نمائندے، ماہر بینیچی نے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) میں ایک لیکچر کے دوران مینا (MENA) خطے اور پاکستان کے بدلتے ہوئے معاشی حالات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی اور ماحولیاتی اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے فنڈ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
ماہرین معیشت، محققین اور پالیسی سازوں سے خطاب میں بینیچی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان میں ترقی 2025 کے بعد مزید مستحکم ہو گی، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی، جغرافیائی تقسیم اور عالمی تعاون کی کمی، عالمی معیشت میں غیر یقینی کی فضا پیدا کر رہی ہے، جس سے دانشمندانہ اور طویل مدتی پالیسی اقدامات کی فوری ضرورت پیدا ہو گئی ہے۔
پاکستان کے تناظر میں بات کرتے ہوئے بینیچی نے کہا کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) کے تحت پاکستان کی کارکردگی اب تک تسلی بخش رہی ہے۔ انہوں نے مئی 2025 میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پہلے جائزے کی کامیابی کو ایک نمایاں سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی پالیسی اصلاحات نے بیرونی چیلنجز کے باوجود اقتصادی استحکام بحال کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایم ایف نمائندے نے زور دیا کہ طویل مدتی معاشی پائیداری کے لیے پاکستان کو بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، خصوصاً ایسے اقدامات جن سے ٹیکس نظام میں برابری پیدا ہو، کاروباری ماحول بہتر بنایا جا سکے اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔
انہوں نے پاکستان کی موسمیاتی اصلاحات میں پیش رفت کو بھی سراہا، جو ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (RSF) کے تحت کی جا رہی ہیں۔ بینیچی کے مطابق، یہ فیسیلٹی ان ممالک کے لیے تیار کی گئی ہے جو ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے اور بین الاقوامی موسمیاتی وعدے پورے کرنے کے لیے ادارہ جاتی بہتری لا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ RSF کے تحت اصلاحات کے اہم شعبوں میں عوامی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کو مؤثر بنانا، پانی کے وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینا، آفات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے مالیاتی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی میں بہتری، اور موسمیاتی ڈیٹا کی شفافیت میں اضافہ شامل ہیں۔
