پاک بھارت سرحدوں کی بندش کے باوجود46پاکستانی واپس پہنچ گئے

سرحدوں کی بندش کے باوجود بھارت سے 46 پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچے، جن میں 35 پاکستانی ہندو بھی شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق اندرونِ سندھ سے تعلق رکھنے والا ایک ہندو خاندان گزشتہ برس بھارت گیا تھا، لیکن پاک بھارت تعلقات میں تناؤ کے باعث بھارتی حکومت نے ان پاکستانی ہندو خاندانوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

واپس آنے والوں میں خواتین، بچے اور خاندان کے دیگر افراد شامل ہیں۔ واہگہ بارڈر پر ان تمام افراد کی امیگریشن کارروائی مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی ممکن ہوئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر کے طلبہ بھی واہگہ کے راستے بھارت واپس روانہ ہو چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، رواں برس مارچ سے اب تک تقریباً 1,660 پاکستانی شہری بھارت سے واپس آ چکے ہیں، جبکہ 24 سے 29 اپریل کے درمیان تقریباً 1,687 بھارتی شہری بھی پاکستان سے واپس بھارت روانہ ہوئے۔ ان میں طلبہ، خواتین، بزرگ شہری اور مختلف وجوہات سے مقیم مسافر شامل تھے۔

یہ سلسلہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باوجود انسانی بنیادوں پر شہریوں کی واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

Back to top button