عمرہ زائرین کی گاڑی کو حادثہ، بونیر کے 7 افراد جاں بحق، 6 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین کا ایک قافلہ سعودی عرب میں المناک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے۔
بونیر سے 13 افراد پر مشتمل عمرہ زائرین کا ایک گروپ سعودی عرب گیا تھا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب یہ قافلہ عرفات سے مدینہ کی جانب روانہ تھا کہ ان کی گاڑی کو شدید حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں 7 زائرین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ دیگر 6 افراد کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
بونیر سے عمر باچا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جب کہ کچھ قریبی پڑوسی بھی گروپ میں شامل تھے۔
ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے، ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
