کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77سال مکمل،کشمیریوں کا یوم سیاہ

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 77 سال مکمل ہونے پر کنٹرول لائن کے اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال
کل جماعتی حریت کانفرنس کی ’یوم سیاہ “ اور ہرتال کی کال پر آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔
نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے پہلے ہی روزحیران کن اقدامات
واضح رہے کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف جموں وکشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر علاقے پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔ یوم سیاہ کے موقع پر پوری دنیا میں کشمیری احتجاجی مارچز ، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کر رہے ہیں۔
مسرت عالم ،شبیراحمد شاہ کے پیغامات
نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے پیغامات میں کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اسکے خلاف اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔
صدرمملکت،وزیراعظم کا یوم سیاہ پر پیغام
صدر پاکستان آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر رہنماؤں نے یوم سیاہ کے موقع کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےعالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے دباؤ ڈالے۔
27اکتوبر کا دن تاریخ کا سیاہ دن ہے،آصف زرداری
صدر مملکت آصف زرداری نے یوم سیاہ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیرکے عوام بھارتی افواج کے وحشیانہ جبر کو برداشت کر رہے ہیں۔
کشمیریوں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہبازشریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 77 سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر اپنی افواج اتاریں اور جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا، کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، بلاشبہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مریم نواز کی کشمیریوں پربھارتی مظالم کی مذمت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہاکہ کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، خطے میں پائیدار امن کےلئے مسلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، پاکستان کے عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے،عالمی برادری سے اپیل ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کےلئےاپنا کردار ادا کرے۔
پاکستان کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے،بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، ان کا حق خودارادیت، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے، ایک انسانی حق ہے جسے کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کشمیریوں کے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس پر کسی قسم کی سودی بازی قبول نہ کریں گے ،پی ٹی آئی حکومت کے دوران کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کے معاملات کی وضاحت کی جائے، انہوں نے کہاکہ نوازشریف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں پہلے وہ افغانستان سے تعلقات بہتر کرنے کی بات کیوں نہیں کرتے۔
