پی سی بی گورنرز بورڈ کا 80واں اجلاس، کرکٹ کے معیار اور اصلاحات پر غور

 

 

 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا 80 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کےلیے اہم اقدامات زیر بحث آئے۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے، ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید مؤثر بنانے اور نوجوان ٹیلنٹ آگے لانے سے متعلق حکام نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں خواتین کرکٹ کے فروغ کےلیے گراس روٹ سطح پر منصوبہ بندی اور ہائی پرفارمنس سینٹرز کی اپ گریڈیشن پر بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز نے پی سی بی کے اپ ڈیٹڈ فنانشل رولز اور رواں مالی سال کےلیے آڈیٹرز کے نئے تقرر کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ اپنانے کےلیے پروسیجرل ترامیم اور کلبز کی سکروٹنی کے طریقہ کار میں رد و بدل کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 78 ویں اور 79 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں انوار غنی، ظہیر عباس، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ، تنویر احمد، محمد اسماعیل قریشی، طارق سرور سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی، جب کہ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل سلمان نصیر اور مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز و سربراہان بھی موجود تھے۔

Back to top button