اختلافات میں شدت، عبدالحفیظ شیخ کا شبر زیدی کی تبدیلی کا عندیہ

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کے مابین جاری اختلافات کی خلیج ہر گزرتے دن کے ساتھ گہری ہوتی جا رہی ہے. اب تازہ خبریں یہ ہیں کہ مشیر خزانہ نے شبر زیدی کی جگہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چئیرمین کی تعیناتی کا عندیہ دے دیا ہے. مشیر خزانہ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ چیئر مین ایف بی آر صحت یاب نہ ہوئے تو ان کا متبادل دیکھنا پڑے گا
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں مزید کہا کہ منی بجٹ لائے جانے اور ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کے جلد صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ان کا متبادل لانا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی واقعی بیمار ہیں، ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد تندرُست ہو جائیں لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو ان کا متبادل لانا پڑے گا۔ ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں منی بجٹ لائے جانے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ منی بجٹ کا لفظ بہت متنازع ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مینجمنٹ ضروری ہوتی ہے اور یہ ایک مسلسل عمل ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ ایک بار بجٹ بنا کر پھر اس میں تبدیلی نہ ہو۔
خیال رہے کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ساتھ مبینہ اختلافات کے بعد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی خرابی صحت کو جواز بنا کر یر معینہ مدت کیلئے رخصت پر جا چکے ہیں. شبر زیدی کی جگہ نوشین امجد جاوید کو چیئرمین ایف بی آرکا اضافی چارج دیا گیا ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ محصولات کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر بھی چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی پر شدید دباؤ تھا جس کی وجہ سے انھوں نے طویل رخصت لینے کا فیصلہ کیا تھا. ذرائع کے مطابق اختلافات کی وجہ سے شبر زیدی نے میڈیکل چھٹی سے قبل ایف بی آر کے ماہانہ کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شبرزیدی لمبی چھٹی پر گئے تھے۔6 جنوری سے 19 جنوری تک شبر زیدی لمبی چھٹی پر تھے. تاہم اب وہ 31جنوری سے رخصت پر ہیں. ذرائع کے مطابق شبر زیدی نے کراچی جانے سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو آگاہ کیا تھا، خراب صحت اور دباؤ کے باعث مستقبل میں شبر زیدی کے کام جاری رکھنے کے امکانات کم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button