چیف جسٹس نے پنجاب ،کے پی میں الیکشن تاخیر کا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے غلام محمود ڈوگر کیس میں 16فروری کو ازخودنوٹس کیلئے معاملہ چیف جسٹس کوبھیجا تھا۔چیف جسٹس نے معاملے پر از خود نوٹس لے لیا اور از خود نوٹس پر سماعت کیلئے 9 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

لارجر بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔ازخود نوٹس کی سماعت کل 23 فروری دوپہر 2 بجے ہوگی۔

سپریم کورٹ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس تین سوالات پر لیا گیا۔ ازخودنوٹس میں دیکھا جائے گا کہ انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے؟ دیکھاجائے گا کہ انتخابات کرانےکی آئینی ذمہ داری کس نے اورکب پوری کرنی ہے؟ دیکھاجائے گا کہ فیڈریشن اور صوبوں کی آئینی ذمہ داری کیا ہے؟ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں 14 اور 17 جنوری کو تحلیل ہوئیں، آرٹیکل 224 دو کے تحت انتخابات اسمبلی کی تحلیل سے 90 روز میں ہونا ہوتے ہیں، آئین لازم قرار دیتا ہے کہ 90 دن میں انتخابات کرائے جائیں، انتخابات کی تاریخ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ بار، کےپی اور پنجاب اسمبلی کےاسپیکرزکی درخواستیں بھی آئیں۔

خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد نگران سیٹ اپ کام کر رہا ہے اور صوبائی گورنرز کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی۔اس معاملے پر دو بار صدر نے مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا لیکن الیکشن کمیشن نے مشاورت سے انکار کیا جس کے بعد صدر مملکت نے ازخود دونوں اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے 9 اپریل کی تاریخ کا اعلان کردیا۔اس اعلان سے متعلق الیکشن کمیشن کی مشاورت جاری ہے۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے کیریئرکا شکست پر اختتام

 

Related Articles

Back to top button