اداکارہ ’’نورین گلوانی‘‘ کو چیزیں توڑںے میں مزہ کیوں آتا ہے؟

معروف اداکارہ نورین گلوانی کے اس وقت تین ڈرامے آن ائیر ہیں، جن میں پیاری مونا، محبت میری گمشدہ، اور جھوم شامل ہیں، اداکارہ کے مطابق ان کو ڈرامہ ’’پیاری مونا‘‘ میں چیزیں توڑنے میں سب سے زیادہ مزہ آیا۔

پاکستانی اداکارہ نورین گلوانی بلاشبہ اُن چند کامیاب فنکاروں میں شامل ہیں جو ڈراموں کی دنیا میں سائیڈ اور سپورٹنگ کردار ملنے کے باوجود اپنے کام کے ذریعے ایک منفرد پہچان بنانے میں کامیاب رہی ہیں، صحافت کی تعلیم کے بعد آئی ٹی کے شعبے میں نوکری چھوڑ کر اداکارہ بننے والی نورین گلوانی اداکاری میں خوب سکا جما رہی ہیں۔

ڈرامہ سیریل ’پیاری مونا‘ میں وہ کنزہ، ’محبت گمشدہ میری‘ میں وہ رُشنا، اور ’جھوم‘ میں ڈاکٹر مہلب کے روپ میں نظر آ رہی ہیں مگر ان کا خواب ہے کہ ایک دن وہ کسی ڈرگ لارڈ یعنی منشیات کے کاروبار میں کسی ماسٹر مائنڈ کا کردار ادا کریں، فی الحال ٹی وی سکرین پر ان کے تینوں سپورٹنگ کردار ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں اور شائقین اُن کے سب ہی کرداروں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

بظاہر ایسا لگتا ہے کہ نورین گلوانی اپنے سکرپٹس کا انتخاب بہت ذہانت سے اور سوچ بچار کے بعد کرتی ہیں۔  ڈرامہ سیریل ’پیاری مونا‘ کی کنزہ کا کردار اُنھی میں سے ایک ہے۔ کنزہ ایک مزاحیہ کردار لگتا ہے جو چلتے پھرتے چیزیں گراتا اور توڑتا رہتا ہے اور والدہ کنزہ کی شادی کے لیے فکرمند رہتی ہیں لیکن شادی کے بعد شوہر کو اِن حرکات و سکنات میں ایک بے ضرر اور جھلی سے لڑکی نظر آتی ہے۔

بی بی سی اردو کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں نورین گلوانی نے بتایا کہ کنزہ کے کردار کو قابلِ یقین بنانا اُن کے لیے بھی مشکل تھا کیونکہ انھوں نے ایسی لڑکیاں نہیں دیکھی تھیں، جب وہ کچھ غلط کرتی ہے یعنی چائے گرا دیتی ہے یا اس قسم کی چیزیں تو وہ اُسے مانتی ہے کہ ہاں میں ہوں ایسی اور بتا بھی دیتی ہے۔ وہ پُراعتماد بھی ہے۔ وہ یہ نہیں کرتی کہ اب میں نے کر دیا اور اب لوگ مجھے پسند نہیں کریں گے۔

کنزہ کے برعکس ڈرامہ سیریل ’محبت گمشدہ میری‘ کی رُشنا ایک انتہائی سنجیدہ بڑی بہن کا کردار ہے جو اپنی چھوٹی بہن زوبیہ کا ساتھ دیتے اور انھیں سمجھاتے نظر آتی ہے۔ ہم ٹی وی پہ نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’محبت گمشدہ میری‘ دو نوجوانوں زوبیہ اور صائم کی محبت کی کہانی ہے اور ہر ہفتہ یوٹیوب پر ٹرینڈ کرنے والے ڈراموں میں شامل ہے۔

اِس ڈرامہ میں رشنا کے کزن اور شوہر دانیال کا کردار اداکار علی رضا نبھا رہے ہیں جن کی جعلی مونچھ سوشل میڈیا پر کافی زیرِ بحث رہتی ہے۔نورین نے ہنستے ہوئے بتایا کہ سیٹ پر بھی اُن کی مونچھ کی وجہ سے کافی تفریح لگتی تھی۔ ’روزانہ اُس کی مونچھیں تھوڑی بہت ٹیڑھی ہوجاتی تھیں۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’جھوم‘ میں نورین گلوانی ڈاکٹر مہلب کا کردار نبھا رہی ہیں۔ پہلی ہی قسط میں گن شاٹ سے زخمی ہونے والی ایک لڑکی کو ہسپتال لایا جاتا ہے جبکہ اُس کا دوست ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر مہلب اور ہسپتال کے عملے پر جارحانہ انداز سے چیختا چلاتا ہے۔

اداکارہ نورین گلوانی کے کام کو ڈرامہ سیریل ’بختاور‘ میں حوریہ کے کردار کی وجہ سے بے حد پذیرائی ملی۔اُس ڈرامہ میں اُن کے ساتھ زاویار نعمان اعجاز، یُمنی زیدی اور بابر علی وغیرہ نے کام کیا تھا۔وہ کہتی ہیں کہ حُوریہ اور کنزہ اُن کے اب تک کے سب سے پسندیدہ کردار ہیں۔نورین نے بتایا کہ اُن کا پہلا پروجیکٹ مختصر دورانیے کی ڈراؤنی فلم ’پیئنگ گیسٹ‘ تھی جو تکنیکی لحاظ سے اُن کے لیے مشکل تھی۔ اس فلم میں اُن کے ساتھ منیب بٹ اور سیفِ حسن نے کام کیا۔

ملائیشیا سے جرنلزم میں گریجویشن کی ڈگری، آئی ٹی کی فیلڈ میں بہترین جاب کے بعد کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) سے ایکٹنگ میں ڈگری لینے والی نورین گلوانی نے لیجنڈری فنکار ضیا محی الدین کے ساتھ تھیٹر اور ڈرامے کیے اور اب وہ شعیب ہاشمی جیسے ڈائریکٹر کے ساتھ فلم کر رہی ہیں۔

Related Articles

Back to top button