اداکارہ ممتاز پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کی خواہاں

بھارت کی نامور اداکارہ ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی فنکار باصلاحیت ہیں، ان کو بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کے بھرپور مواقع دیئے جانے چاہئیں۔انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممتاز نے پاکستان کے دورے کے دوران مشہور اداکار فواد خان اور معروف گلوکار راحت فتح علی خان سے ملاقات کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر موجود ہیں، انہوں نے اپنے انسٹا گرام ہینڈل پر پاکستانی اداکاروں اور کلاسیکل گلوکاروں کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، ممتاز چند روز قبل اپنی بہن ملیکا کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں، اداکارہ ممتاز نے زوم کو انٹرویو میں بتایا کہ فواد خان نے ایک پورا ریستوران ان کے لیے مختص کیا، طبیعت ناساز ہونے کے باوجود راحت فتح علی خان نے ان کیلئے ایک گانا گایا تھا۔ اداکارہ ممتاز نے اپنے حالیہ دورے کے دوران معروف کلاسیکل گلوکار غلام علی کے ساتھ ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی تھی، اداکارہ نے کہا کہ ’وہ لوگ ہم سے بالکل الگ نہیں ہیں۔ میں جہاں بھی گئی لوگوں نے مجھے اور میری بہن کو پیار اور تحائف دیئے، ایک کلاکار اس سے زیادہ اور کیا چاہتا ہے؟ وہ میری تمام فلمیں، میرے تمام گانے جانتے تھے۔اداکارہ ممتاز کا کہنا تھا کہ ’انہیں (پاکستانی فنکاروں کو) یہاں (انڈیا) آکر کام کرنے کی اجازت ہونی چاہئے، وہ باصلاحیت ہیں، میں مانتی ہوں کہ ممبئی فلم انڈسٹری میں ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن انہیں بھی موقع ملنا چاہئے۔ اداکارہ ممتاز نے 60 اور 70 کی دہائی کی کئی مشہور ہندی فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 11 سال کی عمر میں فلم ’سونے کی چڑیا‘ سے کیا۔انہوں نے راجیش کھنہ کے ساتھ فلم ’دو راستے‘، دیو آنند کی ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ اور فیروز خان کی اپردھ جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

Related Articles

Back to top button