کینیڈا کو پاکستان نے 4-5 سے شکست دے دی

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کینیڈا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ۔

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ایک میچ میں کینیڈا کی جانب سے شان ڈیوس نے میچ کے پانچویں اور ہربیر سدھو نے 17ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو دو کی برتری دلائی، تاہم میچ کے دوسرے کوارٹر میں ابوبکر محمود نے پینلٹی کارنرز پر اوپر تلے دو گول کرکے اسکور برابر کر دیا۔ جب کہ تیسرے کوارٹر میں پاکستان مکمل طور پر حاوی رہا ارشد لیاقت، رانا وحید اشرف اور غضفر علی کے گول کی بدولت پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول کی سبقت حاصل ہوگئی۔ تاہم تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں شان ڈیوس نے گول کر کے برتری کم کر دی۔ چوتھے کوارٹر میں کینیڈین کھلاڑی اوجوت بٹر نے چوتھا گول کر دیا۔

میچ کے اختتام تک پاکستان کو کینیڈا کے چار گول کے مقابلے میں پانچ گول کی برتری حاصل رہی۔

یادرہے کہ اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان کا جاپان کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ جب کہ پاکستان نے کوریا اور ملائشیا کے خلاف میچز میں فتح حاصل کی تھی۔

دسری جانب پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چار میچ میں مجموعی طور10 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کےلیے فیورٹ ٹیم کے طور پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان تاحال اس ٹونامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے۔ ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا کے علاوہ پاکستان، کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

Related Articles

Back to top button