مشاہد حسین نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا

مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں انتخابات جیت کر کہیں کہ عمران خان کو رہا کردیں حکومت کو چاہیے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردے۔

ایک بیان میں سینیئر سیاست دان مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد سب سرکاری سسٹم کا حصہ بن گئے ہیں اور اس کی بنیاد فارم 47 ہے، جب کہ دوسری طرف عوامی طاقت ہے، جس کی بنیاد فارم 45 ہے اور وہ ایک قیدی نمبر 804 کے گرد گھوم رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اتنا بڑا دھچکا لگا ہے، 30 سال کی سیاست 8 فروری کو ملیا میٹ ہوگئی اگر آپ اپنے گڑھ میں اپنے گھر میں ہار جائیں اور نامعلوم افراد سے ہار جائیں، گمنام لوگوں سے ہار جائیں تو کچھ سبق سیکھنا چاہیے کہ ہوا کا رخ کس طرف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کریں گے، آئین کی پاسداری نہیں کریں گے اور ماضی غلطیاں دہرائیں گے تو معاملہ گڑ بڑ ہوجائےگا۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے، اس سے پہلے کہ کوئی فون کال آئے، 5 نومبر کو امریکا میں الیکشن ہے، اگر ڈونلڈ ٹرمپ جیت جائے اور پھر وہاں سے کال آئے، تو اس سے پہلے آپ فیصلہ کریں، اس میں مسئلہ کسی شخص یا جماعت کا نہیں ہے، ایشو پاکستان کا ہے۔

Related Articles

Back to top button