اسلام آباد پولیس نے ویتنام کے سفیر کی لاپتہ اہلیہ کو تلاش کر لیا

وفاقی دارلحکومت میں پاکستان میں تعینات ویتنام کے سفیر نوین ٹیئن فانگ کی لاپتہ ہونے والی اہلیہ کو تلاش کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ویتنام سفیر کی اہلیہ مقامی کلب میں بیٹھی ہوئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے کئی گھنٹوں سے لاپتہ ویتنام سفیر کی اہلیہ کو تلاش کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے خاتون کو تلاش کیا گیا۔ وہ سپورٹس کلب ایف نائن پارک میں بیٹھی ہوئی تھیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون کو ڈھونڈ کر ان کے شوہر کے ہمراہ گھر روانہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ویتنام سفیر کی اہلیہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے گھر سے لاپتا ہیں۔ ویتنام سفیر نے خود پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرکے اپنی بیوی کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلیہ گزشتہ 4 گھنٹے سے گھر سے لاپتا ہیں۔

ویتنام سفیر کی جانب سے اہلیہ کے کئی گھنٹوں سے لاپتا رہنے کے بعد اسلام آباد پولیس سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سٹی دیگر اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

سفیر کے مطابق ان کی اہلیہ صبح 11 بجے معمول کی سیر کے لیے گئی تھیں لیکن گھر واپس نہیں آئیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ویتنامی سفیر کی اہلیہ موبائل فون اور اپنا پرس گھر پر چھوڑ کر باہر گئی تھیں۔

وفاقی دار الحکومت کی پولیس نے اہل خانہ کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئےسیف سٹی کیمروں سمیت دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے خاتون کی تلاش شروع کردی۔

پولیس حکام نے وضاحت کی تھی کہ لاپتہ خاتون کی تلاش کے لیے آپریشن اور انویسٹی گیشن ڈویژن کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کو گھریلو مسائل کے زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشنز ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ذاتی طور پر اس معاملے کی تفتیش کی نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویتنام کے سفیر کی اہلیہ کے لاپتا ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رابطہ کیا اور سفیر کی اہلیہ کی باحفاظت بازیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سفیر کی اہلیہ کی جلد تلاش یقینی بنائے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں آئی جی پولیس اسلام آباد سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

Back to top button