ٹی20ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ  نے سر ی لنکا کو شکست دیدی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ڈی کے مقابلے میں  جنوبی افریقا نے سری لنکا کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

جنوبی افریقا نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 78 رنز کا ہدف با آسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان ہسارنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقی بولرز نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی سری لنکن بیٹرز کو قابو میں رکھا اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا،سری لنکا کے 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے خلاف پوری سری لنکن ٹیم 20 ویں اوور میں صرف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامندو مینڈس نے 11 اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رباڈا اور کیشو مہاراج نے 2،2 وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقا نے 78 رنز کا ہدف با آسانی 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پروٹیز کی جانب سے کوئن ڈی کوک نے 20، ریزا ہینڈرکس 4، ایڈن مارکرم 12،اسٹبز نے 13 رنز اسکور کیے جبکہ کلاسن 19 اور ڈیوڈ ملر 6 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے کپتان ہسارنگا نے 2، نوان تھوشارا اور شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں عمان اور نمیبیا کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

Back to top button