کرکٹ کو خیرباد کہنے والے اے بی ڈی ویلیئرکاواپسی کااعلان

4 سال قبل تمام طرز کی کرکٹ کو خیر باد کہنے والے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔

سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے تصدیق کی کہ شائقین کرکٹ ایک بار پھر انہیں میدان میں کرکٹ کھیلتا دیکھیں گے۔

 سابق جنوبی افریق کپتان نے 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی،تاہم وہ 2021 تک فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہے تھے لیکن پھر انہوں نے 2021 میں تمام طرز کی کرکٹ سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے آخری میچ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کیلئے کھیلا تھا۔

سابق جنوبی افریقی کپتلان نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن میں نہ صرف ساؤتھ افریقا چیمپئنز کی نمائندگی کرینگے بلکہ ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ایک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے جس میں ریٹائرڈ اور غیر معاہدہ شدہ کرکٹ لیجنڈز حصہ لیتے ہیں۔

کرکٹ میں واپسی کے فیصلے پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے کہا کہ 4 سال پہلے میں نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی کیونکہ مجھے کھیلنے کی مزید خواہش محسوس نہیں ہوئی لیکن وقت گزر چکا ہے اور میرے بیٹے نے بھی کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ایسا لگتا ہے جیسے ایک بار پھر کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہورہا ہے، اس لیے میں دوبارہ جم اور نیٹس میں جا رہا ہوں اور میں جولائی میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں کھیلنے کے لیے تیار ہورہا ہوں۔

دوسری جانب ڈی ویلیئرز کی واپسی سے کرکٹ شائقین خوش ہوگئے اور مداح بے صبری سے اس  ورسٹائل بیٹر کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

Back to top button