برآمدی ہدف کیلئےتمام اقدامات کئے جائیں گے،احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ 60 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول کیلئےتمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت وزیر اعظم کی جانب سے برآمدی سہولت کاری اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔
ایف بی آر نے کمیٹی کو برآمدی سہولت کاری اسکیم اس میں حالیہ ترامیم اور اس کےغلط استعمال کے نشان دہی شدہ پہلوؤں پر بریفنگ دی اور اجلاس کو آگاہ کیا کہ 2021 میں متعارف کرائی گئی ای ایف ایس کے تحت لائسنس یافتہ کاروباری اداروں کی تعداد 800 سے بڑھ کر تقریباً دو ہزار ہو چکی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مئی 2024 میں شروع کی گئی خصوصی مہم کے نتیجے میں خاص طور پر ٹیکسٹائل صنعت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جس سے قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے زور دیا کہ وزیر اعظم کی برآمدی سہولت کاری کے حوالے سے ہدایات سرمایہ کاروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے اور پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے ایک جامع فریم ورک کی تشکیل پر مرکوز ہیں۔