انتخابات میں مبینہ دھاندلی،عمران خان نے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھ دیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان نےعام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو تیسرا خط بھجوادیا۔
عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خط کے مندرجات پارٹی رہنماؤں کو نوٹ کروا دیے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط 6 پوائنٹس پر مشتمل ہوگا۔
وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تیسرے خط کے حوالے سے تمام پوائنٹس نوٹ کروا کے ہدایات دےدی ہیں، خط میں ڈیپ اسٹرکچرل ریفارمز، حکومت کی پالیسیوں سے جمہوریت کوپہنچنے والے نقصان سمیت دیگر پوائنٹس شامل ہوں گے۔
عمران خان کا خط میں کہنا تھا کہ9مئی کے واقعہ پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں، آٹھ فروری کےبعد پنجاب میں چھاپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، وزیر آباد میں پولیس نےہمارے ایک کارکن کا جنازہ نہیں پڑھنے دیا۔
فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت آج پارٹی کے دیگر لیڈرز جی ایچ کیو کیس میں پیش ہوئے ہیں، عامر ڈوگر کو اپوزیشن کے ساتھ مزاکراتی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے،سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
وکیل فصل چودھری کا کہنا تھا کہ آئی ایل ایف کے صدر انتظار پنجوتھہ کو آج جیل میں نہیں جانے دیا گیا، وکلاء کو جیل ٹرائل میں نہیں جانے دیا جارہا، صحافیوں میں بھی پک اینڈ چوز کیا جاتا ہے، ہم جی ایچ کیو کیس میں بھی اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کرینگے، 26 ویں ترمیم کے بعد نظام عدل زمین بوس ہوگیا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج آرمی چیف کو تیسرا خط جاری کیا ہے، خط میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا ہے منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے تیسرے خط کے مندرجات آج سامنے آئینگے۔
فیصل چودھری نے کہا کہ بانی نے کہا ہے دہشت گردی رول آف لاء نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے، بانی نے کہا ہے 18 لاکھ لوگ ملک چھوڑ گئے ہیں، بانی نے کہا ہے 20 ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا ہے، بانی نے کہا ہم نے جب حکومت چھوڑی معیشت کی گروتھ 6 اشاریہ 4 فیصد تھی، بانی نے کہا ہے کورٹ پیکنگ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے کی جارہی ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی نے کہا ہے قانون ورلڈ پروجیکٹ انڈیکس پر پاکستان 140 ویں نمبر ہے، شیر افضل مروت کے حوالے سے پارٹی اپنا موقف دے دے گی، ہم شیر افضل مروت کے بارے فیصلے کی تردید یا تصدیق نہیں کرینگے، شیر افضل مروت کا معاملہ پارٹی کا انٹرنل معاملہ ہے پارٹی اس پر اپنا موقف دے دے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے گزشتہ دنوں بھی کہا گیا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے خط کے حوالے سے دعوؤں پر رد عمل دیتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع نے عمران خان کی خط لکھنے کی بات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
