وزیراعلیٰ سندھ سے محسن نقوی کی ملاقات،باہمی امورپرتبادلہ خیال

وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سے وزیرداخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ملاقات،باہمی امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے  وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں  صوبے میں کرکٹ کے فروغ پر بات چیت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے نوجوان کرکٹرز موقع ملنا چاہیے۔

 مرادعلی شاہ سے ملاقات میں حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی میزبانی کےلیے عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اسٹیڈیم کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم کی بحالی اور ترقی سندھ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو زیادہ شمولیت کا موقع ملےگا اور پاکستان کے کرکٹ ٹیلنٹ پول میں سندھ کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کھیلوں کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں سمیت پورے صوبے سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اس کی تربیت صوبے میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے یقین دلایا کہ سندھ سے نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرنے اور ان کی معاونت کے لیے باضابطہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع  کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت کرکٹرز کو منظم تربیت اور مناسب مواقع فراہم کرنا ہے۔

ملاقات میں سندھ میں کھیلوں کی سہولیات کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کو بڑے مقابلوں کی تیاری کےلیے ضروری وسائل فراہم کرنے کے حکومتی عزم پر زور دیا گیا۔

Back to top button