امریکی نژاد اسرائیلی فوجی ایدان الیگزینڈر حماس کی قید سے رہا

ٹرمپ کی براہ راست کوششوں سےحماس نے امریکی نژاد اسرائیلی فوجی ایدان الیگزینڈر کو رہا کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایدان کو خان یونس میں عالمی ریڈ کراس کی ٹیم کے حوالے کیا گیا۔ایدان الیگزینڈر کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ’نیک نیتی سے اٹھایا گیا قدم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب قطر اور مصر کے ثالثوں کی کوششوں سے ہوسکا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس جنگ کو ختم کیا جائے اور تمام زندہ یرغمالیوں کو ان کے پیاروں کے حوالے کیا جائے۔

حماس نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران ایدان الیگزینڈر کو  یرغمال بنایا تھا اور گزشتہ روز حماس نے اس کی رہائی پر آمادگی ظاہرکی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس اور امریکا کےدرمیان جنگ بندی پر مذاکرات ہوئے جس کے بعد حماس نے غزہ میں یرغمال امریکی قیدی کی رہائی پر آمادگی ظاہرکی جو ممکنہ طور پر غزہ میں قید آخری امریکی شہری ہے۔

Back to top button