اداکارہ تریپتی کے والدین ’’اینیمل‘‘ دیکھ کر حیران کیوں ہوگئے؟
اداکارہ تریپتی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’’اینمل‘‘ میں ان کے بولڈ مناظر دیکھ کر والدین حیران رہ گئے، اور انھوں نے کہا کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا لیکن میں نے سمجھایا کہ یہ فلم انڈسٹری کا حصہ ہے، میں کچھ غلط کام نہیں کیا۔سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’’اینیمل‘‘ میں زویا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ تریپتی دیمری لوگوں کی توجہ بن گئیں جبکہ مووی میں ان کے بولڈ سین کو لوگوں کی جانب سے خواتین کے ساتھ ناروا سلوک قرار دیا جا رہا ہے، ایک انٹرویو میں اداکارہ نے رنبیر کپور کے ساتھ بولڈ سین پر اپنے والدین کے ردعمل سے متعلق بتایا کہ ان کے والدین فلم میں بولڈ سین دیکھنے پر حیران ہوگئے اور ان کا کہنا ہے کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔تریپتی دیمری کا کہنا ہے کہ ان کے والدین کو نہیں معلوم کہ فلم انڈسٹری میں کیا ہوتا ہے اور مووی میں ایسے مناظر فلمائے جاتے ہیں، میں نے انہیں سمجھایا کہ یہ سب فلم انڈسٹری میں چلتا ہے اور یہ میرے کام کا حصہ ہے، میں کوئی غلط کام نہیں کر رہی اور یہ فلم میں کام کرنے پر میں بالکل مطمئن اور محفوظ ہوں اور اپنے والدین کیلئے کسی پریشانی کا باعث نہیں بنوں گی۔اُن کا کہنا تھا کہ میں ایک اداکارہ ہوں اور میں نے زویا کے کردار کو مکمل ایمانداری کے ساتھ نبھایا ہے، جس پر میرے والدین نے کہا ہم نے بطور والدین جو کچھ محسوس کیا وہ کہا مگر اب کوئی مسئلہ نہیں ہے، واضح رہے کہ 29 سالہ بھارتی اداکارہ نے بالی ووڈ میں 2017ء میں کامیڈی فلم پوسٹر بوائے سے ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 2018ء میں لیلیٰ مجنوں، 2020ء میں بلبل اور 2022ء میں فلم ’کلاں‘ میں نمایاں کردار نبھایا۔جو شہرت اور مقبولیت تریپتی کو اپنی گزشتہ فلموں سے نہیں ملی، وہ انہیں رنبیر کپور کے مقابل یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم کے مختصر رول نے دلوا دی۔اس ایک ہفتے کے دوران اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 20 لاکھ فالوورز کا اضافہ ہوا، جو اب بڑھ کر 28 لاکھ ہوچکے ہیں، گزشتہ ماہ ان کے فالوورز کی تعداد صرف 6 لاکھ تھی۔