کمشنرز ،ڈی سیز،سیکرٹریز کے مالیاتی اختیارات بڑھانے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کمشنرز،ڈی سیز،سیکرٹریزکے اختیارات بڑھانے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا پانچواں اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ، اینٹومولوجسٹ اور اسسٹنٹ اینٹومولوجسٹ،پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھرتیوں کی منظوری ،پنجاب آرکیٹکچر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کیلئے آرکیٹکچر الاؤنس کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی پی ایس سی ملازمین کا کمیشن الاؤنس بڑھانے،ماڈل بازار ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ رائیڈرز کیلئے بائیکس خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کے آر ٹی ای ایچ ٹی کے ساتھ معاہدے کی ایک سال کیلئے توسیع کردی گئی۔ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈزیزیز کیلئے گرانٹ میں اضافہ کیاگیا ہے ۔
وزیراعلی مر یم نوازشریف نے صوبہ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کاجائزہ لینے کی ہدایت کردی ۔
مریم نواز نے گورنمنٹ پبلک لائبریری روشن بھیلہ قصورکا نام تبدیل کرکے جاوید محمود پبلک لائبریری روشن بھیلہ کرنے کی منظوری دیدی۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایس ایم بی آر، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
