پنجاب میں آئمہ مساجد کےلیے اعزازیہ کارڈ کی منظوری

 

 

 

پنجاب حکومت نے اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کے اجراء کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے سامنے آئے۔ فیصلہ کیاگیا کہ اعزازیہ کارڈ کا اجراء فروری 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ یکم جنوری سے اعزازیہ کی ادائیگی شروع ہوگی جس کےلیے پہلی مرتبہ پے آرڈر جاری کیے جائیں گے۔
یکم فروری سے ادائیگیاں ’’وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب‘‘ کے ذریعے ہوں گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری رکھاجائے۔ پنجاب بھر سے اب تک 62 ہزار 994 رجسٹریشن فارم موصول ہوچکے ہیں جبکہ تصدیق کا مرحلہ جاری ہے۔ ملک و قوم کے مفاد کے منافی سرگرمیوں، اخلاقی بے ضابطگی یا مالی جرائم میں ملوث امام مسجد کا اعزازیہ فوری طور پر روک دیا جائے گا۔

صوبے میں مسجد مینجمنٹ اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ آئمہ کرام کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد یقینی بنائیں، جب کہ حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشن بلا تعطل جاری رکھنے کی بھی تاکید کی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے فورتھ شیڈول میں شامل جرائم پیشہ عناصر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کےلیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔

 

Back to top button