ارباب نیاز سٹیڈیم کانام تبدیل نہیں ہوگا،عمران خان نےمخالفت کردی

 تحریک انصاف کے بانی عمران خان نےارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی مخالفت کردی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کااڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنا عمران خان کو ناگوار گزرا ہے۔عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اسٹیڈیم کا نام واپس تبدیل کرتے ہوئے پرانا نام رکھا جائے۔

علیمہ خان کاکہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ عمران خان کو اس بات کا علم کیسے ہوا، شاید انہوں نے اخبار میں پڑھا ہو، لیکن ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے نہ خود کبھی ایسا کیا اور نہ ایسے کاموں کو پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا کابینہ نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے سابق وزیراعظم عمران خان کے نام پر رکھنے کی منظوری دی تھی۔بعد ازاں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام پر رکھنے کے خلاف ارباب فیملی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارباب نیاز کے بیٹے اور پشاور کے سابق میئر ارباب طارق نے کہا تھا کہ وہ عدالت میں ارباب اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے صوبائی حکومت کے فیصلے کے خلاف رٹ پیٹیشن دائر کریں گے۔

Back to top button