ملکی ترقی کیلئےدہشتگردوں کا خاتمہ ضروری ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئےدہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آج ہماری حکومت کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے لیکن اپوزیشن ہمارےخلاف کوئی اسکینڈل نہیں لاسکی جب کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر خوارج کےخاتمے تک ممکن نہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہماری حکومت کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے، آج ہی کے دن یہ حکومت بنی تھی اور آج نہ صرف ہم ایک سال مکمل کرچکے بلکہ دو دن پہلے کابینہ میں اضافہ بھی ہوا، مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کی شمولیت سے مجھے، حکومت اور عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ماہ رمضان کا تیسرادن ہے اور اس ماہ کی برکات پورے پاکستان کے 24 کروڑ عوام اللہ کی رحمت سےفیض یاب ہورہے ہیں اور یہ مہینہ ہمیں درس دیتا ہے کہ اپنے آپ کو خدمت انسانیت کیلئےوقف کردیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے اس سال رمضان پیکیچ پچھلے سال کے7 ارب روپےکے مقابلے میں20 ارب روپےمختص کیا ہے، جو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں40 لاکھ خاندانوں کو انتہائی جدید طریقے سے پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ مہینہ اس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ ہم بھرپورطریقے سے اظہار یکجہتی کریں اور50 ہزار سے زائد غزہ میں لوگ شہید کیے جاچکے ہیں اورکشمیر کی وادی بھی کشمیریوں کی خون سے سرخ ہوچکی ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج غزہ میں جنگ بندی کے باوجود رمضان شریف میں فلسطینیوں کی خوراک اور امداد کو بند کرنے سے بڑا ظلم کوئی نہیں ہوسکتا، اس پر ہمیں بھرپور آواز اٹھانی ہے اور اللہ چاہے گا کہ اسی رمضان کی برکات سے کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کا حق جلد اور ضرور ملے گا۔
وزیراعظم نےکہا کہ ہماری معیشت ایک سال پہلے ہچکولے کھارہی تھی اور ڈیفالٹ کےبہت قریب پہنچ چکی تھی جس کی بےشمار وجوہات ہیں لیکن میں صرف یہ کہنا چاہوں گا کہ جب ہم آئی ایم ایف سےگفتگو کررہےتھے تو وہ کون لوگ ہیں جوآئی ایم ایف کو خطوط لکھ رہےتھے کہ پاکستان کا پروگرام منظور نہ کریں۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ ہم اپنی تمام اتحادی جماعتوں کی بدولت یہ تمام مشکل مراحل عبور کرنے میں آسانی سےکامیاب ہوئے ہیں اوراب ملکی ترقی کا سفر شروع ہونے جارہا ہے اور ہماری یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور آج تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔