ایشین 6 ریڈ چیمپئن شپ،محمد آصف سیمی فائنل میں پہنچ گئے

عالمی چیمپئن محمد آصف نے ایشین 6 ریڈ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں قدم رکھ کر میڈل یقینی بنالیا۔

 تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے کم کو لیونگ کو سخت مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

قبل ازیں، پری کوارٹر فائنل میں آصف نے کمبوڈیا کے نیانگ ٹولہ کو ایک فریم گنوانے کے بعد 1-5 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے کم از کم برانز میڈل اپنے نام کر لیا۔

دوسری جانب، دفاعی چیمپئن اویس منیر اور سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے منگ وا مان نے اویس منیر کو سخت مقابلے میں 3-5 سے ہرایا، جب کہ سنگاپور کے سنی وانگ نے محمد سجاد کو یک طرفہ مقابلے میں 0-5 سے مات دے دی۔

محمد آصف کا سیمی فائنل میں بدھ کو سامنا ملائیشیا کے تھور چوان لیونگ سے ہوگا۔

Back to top button