کیریبین پریمیئر لیگ، 2پاکستانی کرکٹرزشاہ رخ خان کی ٹیم میں شامل

بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے پاک بھارت کشیدگی کے باوجود دو پاکستانی کرکٹرز کو کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے اپنی فرنچائز میں شامل کر لیا۔
پاک بھارت کشیدگی کے باوجود بالی ووڈ کے سپر اسٹار اورآئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے اپنی کیریبین لیگ کی فرنچائز میں دو پاکستانی کرکٹرز کو شامل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی ملکیت والی سی پی ایل کی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر اور آف اسپنر محمد عثمان طارق سے معاہدہ کر لیا ہے۔
محمد عامر اس سے قبل بھی سی پی ایل کے چار سیزنز میں حصہ لے چکے ہیں۔ اب تک انہوں نے اس لیگ میں 39 میچز کھیلتے ہوئے 18.09 کی شاندار اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو ان کے تجربے اور مستقل مزاجی کا مظہر ہیں۔
دوسری جانب، نوجوان اسپنر محمد عثمان طارق کے لیے یہ ویسٹ انڈیز میں پہلا موقع ہوگا۔ وہ حالیہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے نظر آئے، جہاں صرف 5 میچز میں 10 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔